شیخوپورہ جلسہ: مریم نواز کے لیے 13 لاکھ روپے مالیت کا تاج تیار
مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے اس تاج میں 7 تولہ سونہ استعمال کیا گیا، جو جلسے میں مریم نواز کو پہنایا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شیخوپورہ میں ہونے والے جلسے سے قبل مریم نواز کو پہنانے کے لیے 7 تولہ سونے کا تاج تیار کرلیا گیا، جس کی مالیت 13 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق 7 تولہ سونے سے بنے اس شاہی تاج کو مرکزی انجمن تاجران کے صدر میاں پرویز کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ’عمران خان کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ نواز شریف کے بغض میں دیا گیا‘
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) لودھراں اور مانسہرہ کے بعد اتوار 18 فروری کو شیخوپورہ کے کمپنی باغ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔
شیخوپورہ میں ہونے والے اس جلسے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز بھی خطاب کریں گی جبکہ اس سلسلے میں جلسہ گاہ میں لیگی قائدین کے استقبال کے لیے بڑے پینافلیکس بھی لگا دیئے گئے ہیں۔