وہ فلم جسے ریلیز سے پہلے ہی سپرہٹ قرار دے دیا گیا
مارول اسٹوڈیوز کے سینما یونیورس کی 18 ویں فلم 'بلیک پینتھر' جمعہ (16 فروری) کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جارہی ہے اور اسے پہلے سے ہی سپرہٹ قرار دے دیا گیا ہے۔
یہ مارول اسٹوڈیوز کی پہلی فلم ہے جس میں کسی سیاہ فام سپر ہیرو کو پیش کیا جارہا ہے اور ناقدین اس کی کہانی پر فدا ہوچکے ہیں۔
اس فلم کی ہدایات ریان کوگلر نے دی ہیں جبکہ چاڈ وک بوس مین، مائیکل بی جورڈن، لوپیتا نیونگا سمیت دیگر اس کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔
اس فلم کو ویب سائٹ روٹن ٹماٹوز پر 99 فیصد ریٹنگ دی گئی ہے۔
اس فلم کے بارے میں ناقدین کیا کہتے ہیں، وہ درج ذیل ہے۔
ہولی وڈ رپورٹر
اس ویب سائٹ کا کہنا تھا کہ یہ مارول یونیورس کا ہی حصہ ہے مگر یہ اس کا حصہ نہ بھی ہوتی تو بھی آپ اسے دیکھ کر دیگر فلموں کو بھول جاتے، افریقہ کا ایک گمشدہ حصہ، جہاں کی شاہی روایات اور ٹیکنالوجی کی ترقی نئی ڈرامائی، بصری تازگی کی لہر سے بھری ہے۔ اس کے سیٹ، کاسٹیومز اور دیگر پہلو لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ لیتے ہیں حالانکہ یہ تھری ڈی فلم نہیں ہے۔