سائنس و ٹیکنالوجی

شیاؤمی کے 2 بجٹ اسمارٹ فونز متعارف

ایک ایونٹ کے دوران شیاؤمی نے ریڈ می نوٹ 5 اور ریڈمی نوٹ 5 پرو فون پیش کیے۔

چینی کمپنی شیاﺅمی نے اپنے 2 بجٹ اسمارٹ فونز متعارف کرا دیئے ہیں۔

بھارت میں ایک ایونٹ کے دوران شیاﺅمی نے ریڈ می نوٹ 5 اور ریڈمی نوٹ 5 پرو فون پیش کیے۔

ریڈمی نوٹ فائیو گزشتہ سال کے ریڈمی نوٹ فور جیسی میٹل باڈی کے ساتھ ہے جس میں 5.99 انچ کا بڑا ڈسپلے ایف ایچ ڈی ریزولوشن اور 18:9 ریشو کے ساتھ دیا گیا ہے یا بہت کم بیزل کے ساتھ ہے۔

مزید پڑھیں : شیاؤمی کے 2 'سستے' فونز پیش

شیاﺅمی نے اس فون سے ہوم بٹن کو نکال دیا ہے جبکہ کوالکوم اسنیپ ڈراگون 625 پراسیسر، تین سے چار جی بی ریم، 32 سے 64 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

اس کے فرنٹ پر 5 میگا پکسل ایل ای ڈی کیمرہ جبکہ بیک پر 12 میگاپکسل کیمرہ دیا گیا ہے جس میں ایف 2.2 آپرچر دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق کیمرہ صارفین کے لیے بہترین تجربہ فراہم کرے گا۔

اس کے ساتھ 4000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے تاہم یو ایس بی 2.0 پورٹ ہے یعنی فاسٹ چارجنگ سپورٹ نہیں دی گئی۔

اس کے مقابلے میں ریڈمی نوٹ فائیو پرو نوٹ فائیو کا زیادہ اپ ڈیٹ ورژن ہے جس میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 636 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ فور جی بی سے سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

اس فون میں بھی ایف ایچ ڈی 5.99 انچ ڈسپلے دیا گیا ہے اور اس میں بیزل نوٹ فائیو سے بھی کم دیئے گئے ہیں، اس کا ریزولوشن 2160x1080 پکسل ہے۔

اس کے فرنٹ پر 20 میگا پکسل کیمرہ ایل ای ڈی سیلفی لائٹ کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ ایک بیوٹی فائی کیمرہ ایپ بھی سیلفی کے لیے دیا گیا ہے۔

اس کے بیک پر 12 اور 5 میگا پکسل کے دو کیمرے دیئے گئے ہیں، 4000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ اینڈرائیڈ نوگیٹ آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شیاؤمی کا سستا ترین ڈوئل کیمرہ فون

یہ دونوں فونز آئندہ ہفتے بھارت میں دستیاب ہوں گے جس میں ریڈمی نوٹ 5 کے تھری جی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج کی قیمت 10 ہزار بھارتی روپے (17 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، فور جی بی اور 64 جی بی اسٹوریج والے فون کی قیمت 12 ہزار بھارتی روپے (20 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

اسی طرح ریڈمی نوٹ 5 پرو کا فور جی بی ریم اور 64 جی بی والا ورژن 14 ہزار بھارتی روپے (24 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ورژن 17 ہزار بھارتی روپے (29 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

یہ کب تک پاکستان میں دستیاب ہوں گے ابھی اس حوالے سے کچھ کہنا مشکل ہے۔