پاکستان

سوہائے علی ابڑو ’موٹر سائیکل گرل‘ بن گئیں

’موٹر سائیکل گرل‘ کی کہانی 20 سالہ پاکستانی لڑکی زینتھ عرفان کی زندگی پر مبنی ہے۔

پاکستانی اداکارہ سوہائے علی ابڑو جلد ہی اسکرین پر ایک ایسی نوجوان لڑکی کے روپ میں نظر آئیں گی، جو فرسودہ روایات کو توڑتے ہوئے کم عمری میں موٹر سائیکل پر دشوار سفر کرتی ہیں۔

جی ہاں، سوہائے علی ابڑو کی آنے والی فلم ’موٹر سائیکل گرل‘ کو رواں برس 20 اپریل کو ریلیز کردیا جائے گا، جس کی تصاویر سامنے آئی ہیں۔

خیال رہے کہ ’موٹر سائیکل گرل‘ کی کہانی 20 سالہ پاکستانی لڑکی زینتھ عرفان کی زندگی پر مبنی ہے، وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے 20 سال کی عمر میں پاکستان کے شمالی علاقوں میں موٹر سائیکل پر سفر کیا۔

زینتھ عرفان نے موٹرسائیکل پرکیے گئے اپنے سفر کو ’ون گرل ٹو ویلز‘ میں شیئر کیا، ان کے اس بلاگ کو سی این این اور نیویارک ٹائمز نے بھی شائع کیا، جس کے بعد انہیں عالمی سطح پر شہرت ملی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی 20سالہ زینتھ پر بنے گی فلم

زینتھ عرفان کی اسی بہادری پر ہدایت کار عدنان سرور نے 2017 کے آغاز میں فلم بنانے کا اعلان کیا، مئی 2017 میں انہوں نے ’موٹرسائیکل گرل‘ کے لیے سوہائے علی ابڑو کا انتخاب کیا۔

اس سے قبل عدنان سرور 2015 میں ’شاہ‘ نامی فلم بناچکے ہیں، جس میں انہوں نے اولمپین پاکستانی باکسر سید حسین شاہ کی زندگی کو پیش کیا۔

اسپورٹس پر مبنی ان کی یہ دوسری بائیوگرافی فلم ہے، جس کا شائقین کو بے حد انتظار ہے۔

شاہ کو 2015 میں ریلیز کیا گیا تھا—فوٹو: عدنان سرور فیس بک

عدنان سرور فلمیں بنانے سمیت متعدد ڈاکیو مینٹریز پر بھی کام کرچکے ہیں، جبکہ انہیں ان کے منفرد کام کی وجہ سے متعدد اعزازات سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

مزید پڑھیں: سوہائے علی ابڑو ’موٹر سائیکل گرل‘ کے روپ میں

’موٹر سائیکل گرل‘ کے حوالے سے عدنان سرور پہلے کہ چکے ہیں کہ’زینتھ کی کہانی ان کے لیے بہت خاص ہے، کیوں کہ اتنی کم عمر میں انہوں نے وہ کام کر دکھایا، جو سب کے بس کی بات نہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فلم کے ذریعے پاکستان کی خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔

فلم میں زینتھ عرفان کا کردار ادا کرنے والی سوہائے علی ابڑو اپنے کردار کو اپنے لیے اعزاز قرار دے چکی ہیں۔

سوہائے علی ابڑو کا کہنا تھا کہ ’فلم میں زینتھ کا کردارادا کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، یہ کردار ان کے بہت قریب ہے، کیوں کہ انہوں نے ہمیشہ خواتین کو باصلاحیت اور بااختیار بنانے کے لیے کام کیا ہے۔

زینتھ عرفان کے سفر کی کہانی عالمی نشریاتی اداروں نے بھی شائع کی—فوٹو: ون گرل ٹو ویلز فیس بک