خواتین ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے نصب کرنے کے الزام میں دو ملزمان گرفتار
فیصل آباد میں کپڑوں کی دکان میں خواتین ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے نصب کرنے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے مدعی نعمان ظفر نے پیپلز کالونی پولیس کے سامنے بیان دیا کہ وہ بہن کے ساتھ چین ون روڈ پر ایک دکان میں گئے تھے کہ جب ان کی بہن ٹرائی روم میں گئی تو وہاں خفیہ کیمرے نصب تھے۔
انہوں نے بتایا کہ جب اس حوالے سے ان کی بہن نے انہیں بتایا تو انہوں نے خفیہ کیمروں کی ویڈیو بنائی لیکن اسٹور ملازمین اس پر بھڑک اٹھے اور کہا کہ اگر ان کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ دو ملازمین رضوان اور فیاض نے ان سے موبائل چھین کر ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کی کوشش بھی کی جبکہ دونوں ملازمین نے بتایا کہ دکان کے مالک کے کہنے پر یہ کیمرے لگائے گئے تھے۔
نعمان ظفر نے دعویٰ کیا کہ دکان کے ملازمین نے انہیں غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے کی بھی کوشش کی۔
دوسری جانب پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت دکان مالک، منیجر اور دو ملازمین سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔
اس بارے میں مدینہ ٹاؤن سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) نواز احمد کا کہنا تھا کہ دکان کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ ایک ویڈیو بنانے والے موبائل فون کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے 2 سے 3 دن قبل کسٹمرز کی ویڈیو بنانا شروع کی تھی جبکہ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ بعد ازاں انہوں نے یہ ویڈیو دیکھ کر ڈیلیٹ کردی تھیں۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل بھی فیصل آباد میں ایک مشہور برانڈ کی دکان میں خواتین کے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے نصب کیے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔
یہ خبر 09 فروری 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی