پاکستان

‘مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتیں متحد‘

مظلوم کشمیریوں کو بھارتی مظالم سےآزادی کے لیے عالمی و ملکی فورم پر ذاتی، سفارتی اور سیاسی مقابلہ کرنا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کے جدوجہد کو غیر مشروط حمایت حاصل رہے گی۔

صدر ممنون نے کہا کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے انتہائی ناگزیر ہے، مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا اور عالمی برادری سمجھ چکی ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیئے بغیر کشمیری عوام سکون سے نہیں بیٹھے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتیں اور عوام متحد ہیں تاہم تمام سیاسی اختلاف کو پس پشت رکھ کر مظلوم کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے آزادی کے لیے عالمی و ملکی فورم پر ذاتی، سفارتی اور سیاسی مقابلہ کرنا ہے۔

یہ پڑھیں: ’فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ ایک جیسا ہے‘

انہوں نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کرپشن سے پاک ماڈل حکومت قائم کریں اور مسئلہ کشمیر پر آزاد کشمیر کے عوام کو مجموعی طورپرمتحرک کریں۔

قانون ساز اسمبلی سے خطاب میں انہوں ںے واضح کیا کہ لائن آف کنٹرول پر شہدا کے لیے مالی امداد اور بنکرز کی تعمیر کے لیے حکومت فنڈز فراہم کرے گی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ‘مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کے عوام اور حکومت ساتھ ہیں تاہم ہمیں بھارت کے زیر انتظام کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی برقرار کرتے ہوئے متحد رہنا ہے تاکہ وہاں کے لوگوں کو تقویت ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے انتخابات میں بالکل اثر انداز نہیں ہوئی اگرچہ وفاق پر دباؤ ڈالا گیا لیکن سابق وزیراعظم نواز شریف نے ہر قسم کے دباؤ کو مسترد کیا’۔

یہ بھی پڑھیں: ’بھارت، کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئےتصویر کے پیچھے چھپ رہا ہے‘

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ‘پاکستان مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے پہلے اور اب بھی کوشاں ہے بھارت تمام حربے آزما چکا ہے لیکن کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکا’۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ‘ہم نے کشمیر کے بجٹ کو دو گنا کیا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی تاہم سی پیک کے ثمرات سے کشمیر کے عوام بھی مستفید ہوں گے’۔

انہوں نے کہا کہ مظفر آباد سے میرپور تک کی سڑک پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا حصہ نہیں تھی لیکن سابق وزیراعظم نواز شریف کی ذاتی دلچسپی کے باعث منصوبہ شامل ہوا جو آزاد کشمیر کے شہریوں اور ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

اسی حوالے سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ‘کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں حق رائے دہی کے حصول کے لیے عالمی برادری کے جاگنے کا انتظار کررہے ہیں اور قابض بھارتی فوج کا جبرو استبداد کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں دبا سکتا’۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو نشانہ بنانا بھارت کا معمول بن گیا ہے اور مشکلات کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہو گی۔

جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کہا کہ بھارت کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا، 2017 سے اب تک بھارت 1881 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2016 میں بھارت نے 382 مرتبہ اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا، 2014 میں 315 اور 2015 میں 248 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

مزید پڑھیں: ’بھارت جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی ماں‘

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) عاصم غفور نے جنرل قمر جاوید باوجوہ کا پیغام ٹوئٹ کیا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے ہر روز یوم یکجہتی کشمیر ہوتا ہے اور اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن ان دن کو مناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور حق کی فتح ہوگی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ، اخلاقی اور سیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کے عوام کی جانب سے حق خود اردایت کے حصول کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کا پرامن اور پائیدار حل جنوبی ایشیا میں استحکام کے لیے ضروری ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، مسلم لیگ (ن) نے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر بھرپور طریقے سے اجاگر کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی کشمیریوں کے حق کے لیے ملکی اور بین الاقوامی فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔

امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ دنیا کو اس حقیقت کا ادراک ہوجانا چاہیے کہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں شامل دیرینہ حل طلب تنازع ہے۔

امور کشمیر کے وزیر نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قرار دادوں پر عملدرآمد کرائے۔