پاکستان

’پٹھانوں نے تاریخ رقم کردی،نواز شریف کے خلاف فیصلہ مسترد کردیا‘

نواز شریف اور مریم نواز نے 3 فروری کو سوات میں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پشاور: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا کہ آج پٹھانوں نے ایک نئی تاریخ رقم کردی اور نواز شریف کے خلاف فیصلے کو مسترد کردیا۔

پشاور میں نواز شریف تقریر کر رہے ہیں— فوٹو، ڈان نیوز

صوبائی دارالحکومت میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ انھوں نے دن رات کام کر کے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا۔

نواز شریف نے 3 فروری کو سوات میں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے جب بھی وعدہ کیا وہ پورا کیا، اور اب یقین ہوگیا ہے کہ پاکستان کی تقدیر بدلنے والی ہے اور یہاں عدل قائم ہوگا۔

سابق وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا حکمران جھوٹ اور بہتان تراشی کا ماہر ہے اور وہ جھوٹ بول کر صادق اور امین بن گیا۔

مزید پڑھیں: ہمارے وزیراعظم نواز شریف ہی ہیں، شاہد خاقان عباسی

انھوں نے سوال کیا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت عمران خان کی ہے لیکن یہاں ترقیاتی کام نواز شریف کی حکومت کروا رہی ہے۔

صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو صوبائی معاملات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

کے پی حکومت کی جانب سے صوبے میں کی گئی شجرکاری مہم پر بات کرتے ہوئے انھوں نے حاضرین سے سوال کیا کہ کے پی حکومت نے درخت لگانے تھے وہ کہاں ہیں؟ اسکول، یونیورسٹیاں قائم کرنی تھیں وہ کہاں ہیں؟ صحت کی بنیادی سہولیات کہاں ہیں؟

انھوں نے کہا کہ لوگ مارے مارے پھرتے ہیں اور جائیدادیں بک جاتی ہیں، لیکن اپنے اور اپنے بچوں کے علاج کے لیے پیسے جمع نہیں کر پاتے۔

نواز شریف نے کہا کہ اگر آئندہ انتخابات مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوئی اور ان کی حکومت آئی تو وہ ملک میں ہیلتھ کارڈز کا اجرا کریں گے جس کے تحت پاکستانی عوام مفت علاج کراسکیں گے۔

عوام نے بتادیا کہ صادق اور امین کون ہے، مریم نواز

قبلِ ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے عوام نے بتادیا ہے کہ صادق اور امین کون ہے۔

اپنی تقریر کے آغاز میں مریم نواز نے سوات میں کبل کے علاقے شریف آباد میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں 11 فوجی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

پشاور میں مریم تقریر کر رہی ہیں— فوٹو، ڈان نیوز

مریم نواز نے بھی سوات کے شہدا کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

صوبائی دارالحکومت میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 5 برسوں تک جھوٹ بولنے والا، سازشیں کرنے والا، الزام لگانے والا اور کنٹینرز پر چڑھنے والا لیڈر نہیں ہوتا۔

انھوں نے کہا کہ اگر پشاور کے حکمرانوں نے عوام کی خدمت کی ہوتی تو آج مسلم لیگ (ن) کا جلسہ بھی خالی کرسیوں کا ہوتا۔

مریم نواز نے سوال کیا کہ عمران خان کا وہ تعلیمی نظام کہاں ہے جس کے حوالے سے انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران وعدے کیے تھے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا خیبرپختونخوا کے عوام کا حق نہیں تھا کہ ایک اچھا اسپتال مل جاتا، کہاں ہیں وہ اسپتال جو خیبرپختونخوا حکومت نے بنانے تھے؟

یہ بھی پڑھیں: 'نواز شریف کی اداروں پر تنقید نامناسب'

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کہاں ہے وہ بجلی جو عمران خان نے بناکر دوسروں ملکوں کو فروخت کرنے کی بات کی تھی جبکہ نواز شریف تو 10 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے، موٹرویز کا جال بچھا دیا، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کو تیز کیا اور سڑکیں بنادیں۔

پی ٹی آئی کے رکنِ اسمبلی کا (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان

مریم نواز کے خطاب سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

خیال رہے کہ بابر سلیم پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 2013 کے انتخابات میں عوامی جمہوری اتحاد کے پلیٹ فارم سے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

عوامی جمہوری اتحاد 2015 میں صوبے کی حکمراں جماعت تحریک انصاف میں ضم ہوگئی تھی۔