محفل رقص میں شرکت سے انکار پر ڈانسر قتل
خیبرپختونخوا کے شہر مردان میں محفل رقص میں شرکت سے انکار پر ملزمان نے مقامی ڈانسر کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے مقامی ڈانسر سنبل خان کو ان کے گھر میں ہی قتل کیا۔
خیال رہے کہ سنبل خان مردان سمیت صوبے کے دیگر اضلاع اور شہروں میں بھی ڈانسنگ شوز، اسٹیج پروگرامات و نجی تقریبات میں پرفارمنس کرتی تھیں۔
سنبل خان پارٹی میں شرکت سے انکار پر قتل کی جانے والی پاکستان کی پہلی ڈانسر یا اسٹیج اداکارہ نہیں، اس سے قبل بھی مقامی اداکاراؤں کو پروگرامات میں شرکت سے انکار یا مطالبات پورے نہ کیے جانے پر قتل کیے جانے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
سنبل خان سے قبل اگست 2015 میں خیبرپختونخوا کے شہر نوشہرہ میں پشتو کی معروف گلوکارہ مسرت شاہین کو بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
اس سے پہلے جون 2014 میں پشاور میں ہی پشتو گلوکارہ گلناز کو بھی قتل کردیا گیا تھا، انہیں بھی گھر میں گھس کر اہل خانہ کے سامنے قتل کیا گیا تھا۔