لائف اسٹائل

ریس تھری کی پہلی جھلک میں جیکولین کی آنکھوں کی جھلک

ایکشن تھرلر فلم کی شوٹنگ کاآغاز نومبر 2017 سے کیا گیا تھا، فلم میں بوبی دیول سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

بولی وڈ کی معروف ایکشن سیریز فلم ’ریس‘ کی آنے والی تیسری فلم اپنی ریلیز سے پہلے ہی خبروں میں ہے، کیوں کہ پہلی بار اس فلم میں سلمان خان ایکشن میں نظر آئیں گے۔

’ریس تھری‘ کی شوٹنگ کا آغاز تو نومبر 2017 سے کردیا گیا تھا، تاہم اب فلم کے ڈائریکٹر نے اس کی پہلی جھلک جاری کردی ہے، جس میں بولی وڈ سلطان سلمان خان اور اداکارہ جیکولین فرنانڈس کی ایک جھلک دکھائی گئی ہے۔

ڈائریکٹر ریمو ڈی سوزا نے ’ریس تھری‘ کی پہلی جھلک ٹوئیٹ کی، جس میں جیکولین فرنانڈس کی ایک آنکھ کی جھلک کے باعث تصویر وائرل ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ریس 3‘ میں سلمان خان کا مرکزی کردار فائنل

ریمو ڈی سوزا نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ اب ریس تھری کی شوٹنگ ممبئی میں ہوگی، جہاں فلم کی شوٹنگ کو مکمل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ریس کی پہلی 2 فلموں میں مرکزی کردار بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان نے ادا کیا، اس سیریز کی پہلی فلم 2008 اور دوسری 2013 میں آئی تھی۔

مزید پڑھیں: سیف علی اپنی جگہ سلمان خان کو کاسٹ کرنے پر بول پڑے

اب سیریزکی تیسری فلم بننے جا رہی ہے، جس میں سیف علی خان کی جگہ سلمان خان ایکشن میں نظر آئیں گے، جب کہ اس بار فلم کے ڈائریکٹرز کو بھی تبدیل کرکے ریمو ڈی سوزا کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔

ریس سیریز کی پہلی دو فلموں کی ہدایت کاری عباس برما والا اور مستان برماوالا نے دی تھیں، جنہیں عباس مستان کہا جاتا ہے۔

سیریز کی تیسری فلم میں جیکولین فرنانڈس مرکزی کردار میں نظر آئیں گی، جبکہ اس فلم میں انیل کپور کی جگہ بوبی دیول کو کاسٹ کیا گیا ہے۔