رضوان سینیئر سہ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے کپتان منتخب
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اومان کے دورے کے لیے قومی ٹیم کے 21 افراد پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
اومان میں ہونے والے سہ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان ٹیم کے علاوہ جاپان کی ٹیم حصہ لے گی۔
اسکواڈ کا فیصلہ کراچی میں عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں دو روزہ ٹرائل کے بعد کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ہاکی سیریز:دوسرا میچ برابر، سیریز ورلڈ الیون کے نام
خیال رہے کہ کیپٹن محمد عرفان نے ذاتی وجوہات کی بناء پر اومان کے دورے سے معذرت کی تھی۔
ان کے اس فیصلے کے بعد رضوان سینیئر کو گرین شرٹس کا نیا اسکپر منتخب کیا گیا جبکہ ارسلان قادر کو ان کا ڈپٹی بنایا گیا ہے۔
اسکواڈ میں مبشر، رضوان جونیئر، تصور عباس، ابوبکر، فرید توثیق، عمر بھٹہ، شفقت رسول، امجد علی، فیصل قادر، حماد شکیل بٹ، اظفر یعقوب، اعجاز احمد، علی شان، عتیق ارشاد سجی اور تنظیم الحسن شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: `ہاکی ٹیم کی قسمت بدلنے کیلئے ٹیم مینجمنٹ عظیم کھلاڑیوں کے سپرد
واضح رہے کہ حسن سردار جنہیں حالیہ ورلڈ الیون کے دورے کے دوران کوچ اور مینیجر کا عہدہ دیا گیا تھا کو دوبارہ ان عہدوں پر فائز کیا گیا ہے۔
حسن سردار کے ساتھ ریحان بٹ اور محمد ثقلین کو ان کا اسسٹنٹ کے طور پر فائز کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم مسقت کے لیے 10 یا 11 فروری کو روانہ ہوگی جبکہ ٹورنامنٹ 14 سے 20 فروری کے درمیان جاری کھیلا جائے گا۔