ڈرامہ 'باغی' کا اختتام تنازعے کے ساتھ
قندیل بلوچ کی زندگی پر نجی ٹی وی چینل اردو ون نے ’باغی‘ نام سے ڈرامہ بنایا، جس کی آج آخری قسط نشر ہوئی۔
2 سال قبل غیرت کے نام پر قتل کی گئیں ماڈل قندیل بلوچ کی زندگی پر بننے والے ڈرامے ’باغی‘ سے متعلق نیا موڑ سامنے آیا ہے، اور انکشاف ہوا ہے کہ ڈرامہ ہلاک کی گئی ماڈل کے اہل خانہ کی اجازت کے بغیر بنایا گیا۔
اگرچہ ڈرامے نے اب تک کامیابی سمیٹٰی اور اسے اندرون ملک سمیت بیرون ملک بھی پذیرائی ملی اور یکم فروری کو اس کا اختتام ہوا۔
تاہم ڈرامے کے اختتامی لمحات سے قبل قندیل بلوچ کے اہل خانہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان سے کسی نے بھی ڈرامے بنانے کی اجازت نہیں لی، اور انہیں ڈرامے بننے کا پتہ بھی کسی اور سے کچھ ہفتے قبل معلوم ہوا۔
واضح رہے کہ ’باغی‘ کو نجی ٹی وی چینل ’اردو ون‘ پر نشر کیا جاتا ہے، ڈرامے میں معروف اداکارہ صبا قمر نے قندیل بلوچ کا کردار ادا کیا ہے۔
ڈرامہ گزشتہ برس کے آخری ایام میں شروع ہوا، جب کہ یکم فروری کو آخری قسط نشر ہوئی۔