ایل او سی پر بھارتی فورسز کی شیلنگ، 8 شہری زخمی
بھارت نے خطرناک ہتھیاروں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کی وجہ سے خواتین اور بچے متاثر ہوئے، مقامی
آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے شیلنگ سے 4 خواتین سمیت 8 شہری زخمی ہوگئے۔
اے جے کے حکام کے مطابق صبح سویرے ضلع کوٹلی کے کھوئی رٹہ سیکٹر کے مختلف گاؤں میں بھارت کی جانب سے شیلنگ کی گئی جسے مقامی افراد نے کئی ہفتوں میں ہونے والی اب تک کی سب سے خطرناک شیلنگ قرار دیا۔
کھوئی رٹہ سیکٹر کے مقامی چوہدری ظرافت کا کہنا تھا کہ بھارت نے خطرناک ہتھیاروں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کی وجہ سے خواتین اور بچے متاثر ہوئے۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 کشمیری جاں بحق
کھوئی رٹہ کے ایک گاؤں کی جانب سے بھارتی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی وڈیو بھی سامنے آئی جس میں شیلز کو کھیتوں میں گرتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ شیلنگ کی آواز بھی وڈیو میں سنی جاسکتی ہے۔