پاکستان

طاہر القادری یورپی ممالک کے دورے کے لیے لندن روانہ

طاہر القادری لندن کے لیے ترک ایئرلائن کی پرواز میں صبح 6 بجے روانہ ہوئے, ترجمان عوامی تحریک

پاکستان عوامی تحریک کے چیئرپرسن ڈاکٹر طاہر القادری ایک ماہ کے یورپی ممالک کے دورے کے لیے لندن روانہ ہوگئے۔

عوامی تحریک کے ترجمان نور اللہ صدیقی نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ طاہر القادری لندن کے لیے ترک ایئرلائن کی پرواز میں صبح 6 بجے روانہ ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ لندن میں طاہر القادری اپنا میڈیکل چیک اپ کروائیں گے۔

مزید پڑھیں: طاہر القادری کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان

انہوں نے بتایا کہ طاہر القادری لندن میں کچھ روز قیام کے بعد فرانس اور بیلجیئم سمیت دیگر یورپی ممالک کا دورہ کریں گے جہاں وہ پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی تحریک کے سربراہ یورپی ممالک کے اپنے دورے کے ایک ماہ بعد پاکستان واپس لوٹیں گے۔

خیال رہے کہ طاہر القادری کا یورپی ممالک کا دورہ مشترکہ اپوزیشن موومنٹ کا ماڈل ٹاؤن سانحے پر احتجاج کو منسوخ کیے جانے کے اعلان کے ایک روز بعد سامنے آیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی اے ٹی دھرنا روکنے کیلئے دائر درخواست پر متعلقہ حکام عدالت طلب

واضح رہے کہ 12 جماعتوں کے اتحاد جن میں اہم جماعتیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ق) شامل ہیں نے ماڈل ٹاؤن سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو انصاف دلانے کے لیے احتجاج کا اعلان کر رکھا تھا۔

ان جماعتوں کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک کے سربراہ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب اور وفاق سے حکومت کو ختم کرنے کے حوالے احتجاجی تحریک کو منسوخ کرنے پر ان سے مشاورت نہیں کی۔