حیرت انگیز

ریاضی کا وہ سوال جس نے پوری دنیا کو گنگ کردیا

پانچویں جماعت کے لیے ریاضی کے ایک سوال نے بچوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں کروڑوں انٹرنیٹ صارفین کو بھی گنگ کردیا۔

چین میں ضلع شون چنگ میں پانچویں جماعت کے لیے ریاضی کے ایک سوال نے بچوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں کروڑوں انٹرنیٹ صارفین کو بھی گنگ کردیا۔

اور سوال سن کر ہوسکتا ہے کہ آپ کا ذہن بھی گھوم جائے۔

' اگر ایک بحری جہاز میں 26 بھیڑیں اور 10 بکریاں ہوں تو اس جہاز کے کپتان کی عمر کیا ہوگی؟'

مزید پڑھیں : ریاضی کے اس سوال کا جواب دے سکتے ہیں؟

تو کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ کسی بحری جہاز پر موجود سامان کی مقدار سے کس طرح کپتان کی عمر کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے؟

اور یہی وجہ ہے کہ انٹرنیٹ پر یہ سوال وائرل ہوگیا اور ٹوئٹر پر تو ٹرینڈنگ ٹاپک بن گیا۔

تاہم اس چینی ضلع کے محکمہ تعلیم نے اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد خودمختارانہ طرز فکر اور شعور کو جاننا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : ریاضی کے اس سوال سے دنیا پریشان

سوال کا جواب اہم نہیں تھا بلکہ اصل مقصد طالبعلموں کو تخلیقی انداز سے سوچنے میں مدد دینا ہے تاکہ وہ اپنے جوابات کے ساتھ سامنے آسکیں۔

ویسے چین کی سوشل میڈیا سائٹ ویبو میں ایک صارف نے اس کا جواب دیا ہے جو کس حد تک درست ہے، وہ کہنا مشکل ہے۔

اس کے بقول ' بھیڑوں اور بکریوں کا مجموعی وزن 7700 کلوگرام ہوگا، یہ تخمینہ ہر جانور کے اوسط وزن کی بنیاد پر ہے، اگر چین میں آپ کسی ایسے بحری جہاز کو چلا رہے ہوں جس پر پانچ ہزار کلوگرام سے زیادہ سامان ہو تو آپ کے پاس کم از کم پانچ سال تک بوٹ لائسنس ہونا چاہئے، اس لائسنس کے حصول کی کم از کم عمر 23 سال ہے تو جہاز کا کپتان کم از کم 28 سال کا ہوگا'۔