پاکستان

لاہور: پیشی پر آئے ملزم پر فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق

فائرنگ قتل کے الزام میں زیر حراست ملزم کے مخالفین کی جانب سے کی گئی، فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار ہوگئے۔

لاہور کی مقامی عدالت میں پیشی کے دوران قتل کے ملزم پر مخالفین کی فائرنگ سے زیر حراست ملزم اور ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں قتل کے ملزم امجد ملک کو جب عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا تو پہلے سے گھات لگائے بیٹھے ملزمان نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔

مزید پڑھیں: عدالت میں فائرنگ سے 3 مدعاعلیہان قتل

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور کے مطابق فائرنگ کے واقعے سے ملزم سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پولیس ہیڈ کانسٹیبل کی شناخت آصف جمال کے نام سے ہوئی اور وہ ملزم کی سیکیورٹی پر موجود تھا۔

واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے 2 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور امید ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے باپ، بیٹا ہلاک

دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عارف نواز نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لاہور کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد اس معاملے کی رپورٹ پیش کریں۔

خیال رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں کہ ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، اس سے قبل بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں فائرنگ کے مختلف واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان میں بھی اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا، جب پیشی کے بعد واپس جانے والے افراد پر مخالفین کی جانب سے فائرنگ کردی گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔