دالبندین: ڈیزائن والی داڑھی بنانے پر پابندی کو اٹھالیا گیا
داڑھی پر ڈیزائن بنانے کے حوالے سے پابندی عائد کرنا میرے دائرہ اختیار میں نہیں، اسی لیے نوٹیفکیشن واپس لیا، اسسٹنٹ کمشنر
بلوچستان کے علاقے دالبندین میں ضلعی عہدیدار کی جانب سے داڑھی پر ڈیزائن بنانے کے حوالے سے لگائی گئی پابندی کو فوری طور پر اٹھا لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر دالبندین حبیب اللہ مندوخیل کی جانب سے گزشتہ روز ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں داڑھی پر ڈیزائن بنانے کے حوالے سے پابندی عائد کردی گئی تھی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ’اہلیانِ دالبندین سے درخواست کی جاتی ہے کہ سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے تمام حمام مالکان کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ اس ڈیزائن والی داڑھی ہرگز نہ بنائیں، اس عمل پر مکمل پابندی ہے‘۔
مزید پڑھیں: گوادر: ڈیزائن والی داڑھی بنانے پر پابندی
اسسٹنٹ کمشنر دالبندین کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ اس نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔