لائف اسٹائل

’پدماوت‘ 100 کروڑ کلب میں شامل

فلم ’پدماوت‘ اپنی کامیابی کے ساتھ 2018 کی پہلی 100 کروڑ روپے کمانے والی بولی وڈ فلم بھی بن چکی ہے۔

بولی وڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوت‘ اپنی ریلیز کے چوتھے روز ہی 100 کروڑ روپے سے زائد کمانے میں کامیاب ہوگئی۔

طویل عرصے سے مظاہروں کا سامنا کرنے کے باوجود 100 کروڑ کلب میں شامل ہوکر فلم باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوگئی ہے۔

باکس آفس انڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم ’پدماوت‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے روز 19 کروڑ روپے کمائے، جس کے بعد جمع کو اس فلم نے باکس آفس پر 32 کروڑ روپے حاصل کیے۔

ہفتے کو فلم نے 27 کروڑ روپے کا بزنس کیا، جبکہ اتوار کو فلم 30 کروڑ ہندوستان روپے کمانے میں کامیاب رہی۔

جس کے بعد فلم اب تک تقریباً 110 کروڑ روپے کما چکی ہے۔

مزید پڑھیں: ’پدماوت‘ بھارت میں کہاں ریلیز ہوئی، کہاں نہیں

خیال رہے کہ فلم ’پدماوت‘ چتور کی رانی پدمنی کی کہانی ہے، جن کی خوبصورتی کی چرچا سن کر ظالم بادشاہ علاؤالدین خلجی ان کا دیوانہ ہوجاتا ہے اور انہیں حاصل کرنے کے لیے چتور گڑھ پر قبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ رانی کے شوہر راجا راول رتن سنگھ کو بھی مروا دیتا ہے۔

اس فلم میں دپیکا پڈوکون نے رانی پدمنی، رنویر سنگھ نے علاؤالدین خلجی اور شاہد کپور نے راجا راول رتن سنگھ کا کردار ادا کیا ہے۔

فلم میں تینوں اداکاروں کی اداکاری کو خوب پسند کیا جارہا ہے، جبکہ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کو ان کے شاندار کام کے لیے بھی خوب سراہا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ اس سے قبل سنجے لیلا کے ساتھ ’رام لیلا‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں، جبکہ شاہد کپور کی یہ ان کے ساتھ پہلی فلم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوت‘ میں گرافکس کا استعمال، دپیکا کی کمر چھپا دی گئی

’پدماوت‘ جس کا نام پہلے ’پدماوتی‘ رکھا گیا تھا، کو اس سے قبل گزشتہ سال یکم دسمبر کو ریلیز کیا جانا تھا، تاہم ہندوستان بھر میں شدید مظاہروں کے باعث اس کی ریلیز مؤخر کردی گئی جس کے بعد اسے رواں ماہ 25 تاریخ کو ریلیز کیا گیا۔

فلم ’پدماوت‘ اپنی کامیابی کے ساتھ 2018 کی پہلی 100 کروڑ روپے کمانے والی بولی وڈ فلم بھی بن چکی ہے۔

فلم صرف ہندوستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں شاندار بزنس کرنے میں مصروف ہے۔