پاکستان

فوزیہ قصوری دوبارہ پی ٹی آئی میں شامل

پارٹی میں شمولیت کے بعد انہیں عمران خان کی مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز بنا دیا گیا ہے۔

اسلام آباد: گزشتہ مہینے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو الوداع کہنے والی سینئر رہنما فوزیہ قصوری نے پارٹی میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

قصوری نے پارٹی چئیرمین عمران خان کے ساتھ اختلافات کے بعد پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مستعفی ہونے کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ' تحریک انصاف میں انصاف نہیں رہا اور پارٹی پر ایک مافیا نے قبضہ کر رکھا ہے'۔

ڈان نیوز کے مطابق، پیر کو قصوری کے پارٹی میں دوبارہ شامل ہونے کے بعد انہیں عمران خان کی مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے گزشتہ دنوں عمران خان سے ملاقات کے دوران پارٹی میں دوبارہ واپسی کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وہ جس پارٹی سے پہلے دن سے وابسطہ تھیں اس میں واپس آگئی ہیں جبکہ انہوں نے یہ فیصلہ آئی ایس ایف کے ورکرز اور پارٹی میں شامل خواتین کی وجہ سے کیا ہے۔

خیال رہے کہ فوزیہ قصوری پارٹی کی خواتین ونگ کی صدر رہ چکی ہیں جبکہ انہوں نے تحریک انصاف میں خدمات سرانجام دینے کے لیے اپنی امریکی شہریت بھی ترک کردی تھی۔