پاکستان

بجلی کی تار سے ڈرنے والے ہم سے ٹکر لینے آئے ہیں، نواز شریف

جڑانوالا کے جم غفیر نے نااہلی کا فیصلہ مسترد کردیا، 2018 کے انتخابات نئے پاکستان کا ریفرنڈم بنے گا، سابق وزیراعظم

سابق وزیراعظم نے اگلے انتخابات میں کامیابی پر بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے تار سے ڈرنے والے ہم سے ٹکر لینے آئے ہیں حالانکہ وہ ناکام ہوگئے ہیں۔

فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام سے میرا رشتہ کوئی نہیں توڑ سکتا اور آئندہ موقع ملا تو بے گھر افراد کو چھت فراہم کریں گے اور تنخواہ دار طبقے کو بھی قسطوں میں گھر فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ میں شیروں کا جم غفیر ہے جبکہ لاہور میں خالی کرسیوں کا جم غفیر تھا۔

سابق وزیراعظم نے جڑانوالا کو ضلع کا درجہ دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر گھر بھیج دیا گیا کیا بیٹے سے تنخواہ نہ لینا بھی کوئی جرم ہوتا ہے لیکن جڑانوالا کے عوام نے نااہلی کا فیصلہ مسترد کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب نااہلی کی مدت طے کرنے کے لیے عدالت بیھٹنے جارہی ہے لیکن نااہلی چاہے 5 برس کی ہو یا تاحیات عوام سے میرا رشتہ کوئی نہیں توڑ سکتا کیونکہ میں عوام سے ہوں۔

تحریک عدل کے ذریعے سستا اور فوری انصاف دلانے کا عزم دہراتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ تحریک عدل اب رکنے والی نہیں اوراس تحریک کے ذریعے سستا، کھرا اور گھر کی دہلیز پر انصاف کو یقینی بنائیں گے۔

سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 2018 الیکشن نئے پاکستان کا ریفرنڈم بنے گا، جو لوگ خود کو نہیں سنبھال سکتے وہ پاکستانی عوام کی خدمت کیسے کریں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان ڈرون کو ہمت نہیں ہورہی ہے کہ نواز شریف کے قریب آئیں یہ ہری پور میں میرے سر کے اوپر سے گزر رہے تھے لیکن میں نے مولوی طاہرالقادری کی طرح کچھ نہیں کیا وہ بجلی کی تار سے ڈر گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جو بجلی کی ایک تار سے ڈرا تھا وہ ہماری حکومت کو گرانے آرہے ہیں اور پاکستان میں سیاست کرنے کے لیے اور ہمارے ساتھ ٹکر لینے آرہے ہیں حالانکہ انھوں نے خود کو اور دوسروں کو بھی ناکام کردیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ترقی کے لیے بے پناہ کام کیا ہے اور ہم نے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا، جو بھی وعدہ کیا پورا کرکے دکھایا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2013 میں دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی اور ہم نے ڈرون حملوں کو بند کرایا۔

ڈرون حملوں پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خوددار ملک بنایا اور میں نے صدر اوباما سے کہا تھا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اس پر کوئی ڈرون حملے نہیں کرسکتا لیکن ایک بار پھر ڈرون حملے شروع ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بار پھر انتشارکا شکار ہورہا ہے، پرویز مشرف نے مارشل لا لگا کر پاکستان کو نقصان پہنچایا کیونکہ لوگوں کو روز گار مل رہا تھا اور پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جارہا تھا۔

نواز شریف نے 3نسلوں کا حساب دیا ، مریم نواز

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ جڑانوالہ نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وفاداری کیا ہوتی ہے یہ کوئی جڑانوالہ سے پوچھے۔

پاناما پیپرز کیس پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاناما میں نواز شریف کا نام تک نہیں تھا اور اس کیس میں 10روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے تین نسلوں کا حساب دیا جبکہ سزا پہلے دی گئی اور مقدمہ بعد میں چلایا گیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے حق میں آنے والے فیصلے پر ایک مرتبہ پھر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی کمپنی تسلیم کی پھر بھی اسے صادق اورامین قرار دیا گیا۔