'کُڑی باغ': فرانسیسی لڑکی کے مقبرے کی لاہور میں تلاش
تپتی دوپہر کی گرمی سے برا حال ہو رہا تھا۔ میں مسلم مسجد کی طرف انار کلی بازار میں ایک لڑکی کی قبرتلاش کر رہا تھا۔ میری کوشش تھی کہ یہاں کے پرانے رہائشی مل جائیں تو ان کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر مطلوبہ جگہ تک پہنچ جاؤں۔
میرے پاس اس کے علاوہ کوئی اشارہ نہیں تھا کہ قبر ایک فرانسیسی لڑکی کی ہے، مگر تمام تر کوشش کے باوجود کوئی ایک اشارہ بھی نہ مل سکا۔ گرمی مجھے بے حال کر رہی تھی اور امید کے تمام دیے بھی ایک ایک کر بجھ چکے تھے۔ میں اپنی اس تلاش کے بارے میں مایوس ہو چکا تھا۔ میں محکمہ اوقاف کے ذریعے آسانی سے اس جگہ تک پہنچ سکتا تھا مگر میں اس جگہ کو اپنی کوشش اور لوگوں سے پوچھ کر خود تلاش کرنا چاہتا تھا۔
دراصل میں 'کُڑی باغ' کی تلاش میں تھا جہاں اس فرانسیسی لڑکی کی قبر تھی۔ یہ لڑکی ایک فرانسیسی جنرل الارڈ کی بیٹی تھی اور اس کا نام 'میری شارلوٹ' تھا۔