لائف اسٹائل

مظاہروں کے باوجود ’پدماوت‘ باکس آفس پر کامیاب

بولی وڈ تجزیہ کار ترن ادرش کی ٹویٹ کے مطابق فلم نے اپنی ریلیز کے پہلے دن باکس آفس پر 24 کروڑ روپے کمائے۔

بولی وڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوت‘ کی ریلیز کے بعد بھی ہندوستان بھر میں فلم کے خلاف مظاہرے جاری رہے، جس کے باعث فلم بہت سے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش نہیں کی جاسکتی۔

اس کے باوجود سنجے لیلا بھنسالی کی فلم اپنی ریلیز کے پہلے روز باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔

مزید پڑھیں: پدماوت: برصغیر کی مسخ شدہ تاریخ پر مبنی مگر شاندار فلم

بولی وڈ تجزیہ کار ترن ادرش کی ٹویٹ کے مطابق فلم نے اپنی ریلیز کے پہلے دن باکس آفس پر 24 کروڑ روپے کمائے۔

جبکہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلم آنے والے دنوں میں مزید اچھا بزنس کرپائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر فلم کی ریلیز کو مشکلات کا سامنا نہ ہوتا تو یہ اپنی ریلیز کے پہلے روز 30 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کمالیتی۔

فلم کو 4 ہزار اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جبکہ راجھستان، گجرات، ہریانہ، بہار، مادھیا پردیش اور اتر پردیش میں اب تک فلم کے خلاف احتجاج جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوت‘ میں کام کرنے پرشاہد کپورکی راجپوت بیوی بول پڑیں

بولی وڈ تجزیہ کار کے مطابق فلم نے صرف ہندوستان میں ہی نہیں بلکہ آسٹریلیا، نیوذی لینڈ اور برطانیہ میں بھی اچھا تاثر جمایا۔

بولی وڈ لائف کی رپورٹ کے مطابق فلم اپنی ریلیز کے تیسرے روز باکس آفس پر 56 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوچکی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 12 روز تک کوئی اور بولی وڈ فلم سینما گھروں میں پیش نہیں کی جائے گی، اور اس کا فائدہ دپیکا کی فلم کو ہوسکتا ہے۔

180 کروڑ رپے کے بجٹ پر تیار ہونے والی فلم کو باکس آفس پر کامیاب ثابت ہونے کے لیے آنے والے دنوں میں 200 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ فلم ’پدماوت‘ جس کا نام پہلے ’پدماوتی‘ رکھا گیا تھا کی کہانی چتور گڑھ کی رانی پدمنی کے گرد گھومتی ہے، جن کی خوبصورتی کی چرچا سن کر بادشاہ علاؤالدین خلجی انہیں حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے جبکہ ان کے شوہر راجا راول رتن سنگھ کو بھی مروا دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں بھی ’پدماوت‘ ریلیز

اس فلم میں دپیکا پڈوکون نے رانی پدمنی، رنویر سنگھ نے علاؤالدین خلجی اور شاہد کپور نے راجا راول رتن سنگھ کا کردار ادا کیا۔

اس فلم کو ہندوستان بھر کے تجزیہ کاروں نے مثبت ریویوز دیے ہیں جبکہ اداکاروں کے کام کو بھی خوب سراہا جارہا ہے۔