لائف اسٹائل

’پدماوت‘کی نمائش کے بعد دپیکا اور رنویرکی راہ ہموار

دونوں صرف فلم کی نمائش کا انتظار کر رہے تھے، اداکار کسی وقت بھی بڑا اعلان کرسکتے ہیں، فلم ڈائریکٹر

ویسے تو یہ خبریں گزشتہ چند سال سے جاری ہیں کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ جلد ہی شادی کا اعلان کریں گے، تاہم ان چہ مگوئیوں میں گزشتہ 2 ماہ سے تیزی آگئی ہے۔

گزشتہ برس دسمبر میں بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی شادی کے بعد دپیکا پڈوکون کی سالگرہ کے موقع پر یہ خبریں آئی تھیں کہ رنویر سنگھ اور ’پدماوت‘ ہیروئن نے پڑوسی ملک ’سری لنکا‘ میں خفیہ شادی کرلی۔

تاہم جوڑے کے قریبی اور خاندانی ذرائع نے ایسی افواہوں کی تردید کردی تھی، لیکن اداکاروں نے آج تک اس حوالے سے کھل کر نہ تو کوئی تصدیق کی ہے اور نہ ہی کوئی تردید کی ہے۔

لیکن اب ایک بار پھر بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کرنے لگیں ہیں کہ جلد ہی رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون اہم اعلان کرنے والے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'دپیکا اور رنویر کا منگنی کا فیصلہ'
—فوٹو: انڈیا ٹی وی

دکن کیرونیکل نے اپنی خبر میں ذرائع سے بتایا کہ ’پدماوت‘ کی نمائش کے بعد اداکاروں کی راہ ہموار ہوگئی، اور دونوں کسی وقت بھی اہم اعلان کر سکتے ہیں۔

رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کے قریبی فلم ڈائریکٹر کے حوالے سے خبر میں دعویٰ کیا گیا کہ دونوں اداکار صرف ’پدماوت‘ کی نمائش کا انتظار کر رہے تھے، جو اب ریلیز ہوگئی۔

ذرائع نے تصدیق کی کہ متنازع فلم کی نمائش کے بعد دونوں کی راہ ہموار ہوچکی، اور اب دونوں کسی وقت بھی اپنے تعلقات کے حوالے سے اہم اعلان کرسکتے ہیں۔

دپیکا اور رنویر نے گزشتہ ماہ جنوری میں سری لنکا میں تنہائی میں وقت گزارا—فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام

مزید پڑھیں: دپیکا اور رنویر نے منگنی کرلی؟

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ دونوں اپنی منگنی کا اعلان کریں گے، یا شادی کی تصدیق کریں گے، تاہم امکان ہے کہ رنویر اور دپیکا اپنی شادی کا اعلان کریں گے۔

اس سے قبل یہ چہ مگوئیاں بھی کی گئیں کہ دونوں نے سری لنکا میں دپیکا پڈوکون کی سالگرہ منانے کے موقع پر خفیہ منگنی کرلی، تاہم رنویر سنگھ کے میڈیا مینیجر نے ایسی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔

علاوہ ازیں 2 دن قبل ہی دپیکا پڈوکون نے نیہا دھوپیہ کے ریئلٹی شو میں ایک انٹرویو کے دوران بھی مذاق میں اپنی منگنی کی خبروں کی تردید کی تھی، تاہم انہوں نے رنویر سنگھ کو انڈسٹری میں سب سے پیار کرنے والا قرار دیا تھا۔

اس انٹرویو کے دوران دپیکا پڈوکون نے اپنی خالی انگلیاں بھی دکھائیں اور کہا کہ دیکھ لیں،ان کی منگنی نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: دپیکا اور رنویر کی ذہنی حالت متاثر

لیکن اب دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی متنازع فلم ’پدماوت‘ ریلیز ہونے کے بعد ان کی جانب سے اہم اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ دونوں کی جوڑی کو خوب سراہا جاتا ہے، ’پدماوت‘ سے قبل بھی دونوں نے ’رام لیلیٰ‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ جیسی فلموں میں بھی ایک ساتھ کام کیا۔

2 دن قبل بھی ’پدماوت‘ کی اسکریننگ کے موقع پر دونوں ایک ساتھ ہاتھ میں ہاتھ ملائے ہوئے تقریب میں شریک ہوئے تھے، جب کہ اس سے قبل بھی انہیں گزشتہ 3 ماہ سے متعدد بار ایک ساتھ رومانوی انداز میں دیکھا گیا۔