راولپنڈی میں 3 سالہ بچے سے زیادتی کی کوشش، مبینہ ملزم گرفتار
راولپنڈی کے علاقے بہار کالونی میں ایک اور ساڑھے تین سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار۔
راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ بہار کالونی میں ایک اور ساڑھے تین سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کی گئی۔
بچی کی والدہ کے مطابق بچی کا کہنا تھا کہ کہ وہ دوکان پر چیز لینے گئی تو دوکاندار نے اس کے جسم پر ہاتھ پھیرنا شروع کر دیا تھا جس کی وجہ سے خون نکلنا شروع ہو گیا۔
بچی کی والدہ نے خون نکلتا دیکھ کر فوری طور پر علاقہ کے ڈاکٹر کے پاس گئیں جہاں انہیں بتایا گیا کہ اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی میں طالب علم کا ’جنسی استحصال‘، 4 ملزمان گرفتار
بچی کے والد نور حسین نے پولیس چوکی رانیال میں ملزم دوکاندار کے خلاف درخواست دی جس پر پولیس نے ملزم دوکاندار مسعود کے خلاف مقدمہ درج کیا اور چھاپہ مار کر دوکاندار کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بچی اور ملزم کا بے نظیر ہسپتال سے میڈیکل کرا لیا گیا ہے اور واقعے پر مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
بچی کے والد نور حسین نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ساڑھے تین سال کی بیٹی ملائیکہ نور گھر سے چیز لینے بسمہ اللہ جنرل سٹور پر گئی تو اس درندہ صفت دوکاندار نے بیٹی کے ساتھ غلط کام کرنے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بچی سے خون نکلا تو وہ خوف زدہ ہو گیا تھا ورنہ وہ اس ننھی کلی کی عزت لوٹ لیتا اور اس سے بچی کی موت بھی واقع ہو سکتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ریپ کے ملزم کی سزا کے لیے ڈی این اے کا ثبوت ناکافی
ایس ایچ او تھانہ صدر بیرونی پولیس ملک رفاقت نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزم دوکاندار مسعود کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادتی کی کوشش کرنے کی دفعات 376/511 کے تحت ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ کچھ دن قبل بھی بینک کالونی میں لڑکے کے ساتھ بدفعلی کرنے والے دو ملزمان گرفتار کئے گئے تھے اس کے باوجود درندگی کا نشانہ بنانے والے ملزمان میں خوف پیدا نہیں ہو رہا۔