فوجی کے ہاتھوں رنگوں کا خوبصورت امتزاج
فوجی کا نام آتے ہی نظم و ضبط کے سخت پابند اور سخت مزاج کی حامل شخصیت کا خاکہ ذہن میں بنتا ہے، لیکن اگر کوئی فوجی مصوری کے لطیف فن سے آشنا ہو، اور اس کو اپنی فوج کے کارناموں کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال بھی کر رہا ہو، تو ایک مختلف شخصیت سے سامنا ہوتا ہے۔
سید مسعود اختر حسینی پاک فضائیہ (پی اے ایف) کے ریٹائرڈ گروپ کیپٹن ہیں، وہ 3دہائیوں سے پاکستان ایئر فورس کے مختلف واقعات کو رنگوں سے کینوس پر منتقل کرتے رہے ہیں۔
وہ امریکن سوسائٹی آف ایوی ایشن آرٹسٹس کے رکن بھی ہیں، گروپ کیپٹن حسینی کی خدمات پر انھیں تمغہ بسالت اور صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جا چکا ہے۔
اپنے تعارف کے حوالے سے وہ بتاتے ہیں کہ پاکستان ایئر فورس میں مجھے گروپ کیپٹن حسینی کے نام سے جانا جاتا ہے، پی اے ایف کے لیے 3دہائیوں سے بطور ایوی ایشن آرٹسٹ کے خدمات انجام دے رہا ہوں۔