بینظیرکے بعد پہلی بارخاتون وزیراعظم بچے کو جنم دیں گی
پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کا ایک منفرد اعزاز لگ بھگ 28 برس بعد برابر ہونے جا رہا ہے، اور ان کا یہ منفرد اعزاز نیوزی لینڈ کی خاتون وزیر اعظم برابر کرنے جا رہی ہیں۔
مسلم دنیا اور پاکستان کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ انہوں نے 28 برس قبل 1990 میں دوران وزارت عظمیٰ ایک بچے کو جنم دیا تھا۔
ان کا یہ اعزاز آج تک کوئی خاتون وزیر اعظم برابر نہیں کر سکیں تھیں، تاہم اب یہ اعزاز نیوزی لینڈ کی نوجوان ترین خاتون وزیر اعظم جیسنڈا ایرڈن برابر کرنے جا رہی ہیں۔
نیوزی لینڈ کی 150 سالہ تاریخ میں تیسری خاتون وزیر اعظم بننے والی جیسنڈا ایرڈرن نے 2 دن قبل اپنے انسٹاگرام پر اس بات کا اعلان کیا کہ وہ امید سے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ میں جوان ترین خاتون وزیر اعظم
37 سالہ جیسنڈا ایرڈرن نے اعلان کیا کہ رواں برس جون میں ان کا خاندان 2 افراد سے بڑھ کر 3 افراد پر مشتمل ہوجائے گا، اور وہ ایک وزیر اعظم کی حیثیت سے والدہ بنیں گی۔
ساتھ ہی جیسنڈا ایرڈرن نے کہا کہ انہیں اندازا ہے کہ انہیں اس اعلان کے بعد کئی سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا، اور وہ ان تمام سوالات کے جوابات دینے کے لیے تیار ہیں۔
نیوزی لینڈ کے نشریاتی ادارے ’نیوز ہب ڈاٹ کو ڈاٹ این زیڈ‘ نے بتایا کہ جیسنڈا ایرڈرن نے اپنے امید سے ہونے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں امید سے ہونے کی خبر 13 اکتوبر 2017 کو ہوئی، تاہم انہوں نے اس وقت اس خبر کو راز میں رکھا۔