دنیا

خراب موسم میں حادثات نہ ہونے کی خبردیتے وقت ہی حادثہ

ٹی وی رپورٹر کی لائیور رپورٹنگ کے دوران حادثہ اس وقت ہوا، جب انہوں نے کہا یہاں کوئی حادثہ نہیں ہوا۔
—اسکرین شاٹ

ویسے تو ٹی وی رپورٹرز براہ راست رپورٹنگ کرتے وقت بڑی ہی تیاری کرتے ہیں۔

وہ اپنے اور کیمرے کے سامنے آنے والی ہر چیز کو سائیڈ میں کرکے انتہائی سکون سے اسپاٹ پر کھڑے ہوکر اس خیال کے ساتھ رپورٹنگ کرتے ہیں کہ وہ لائیو رپورٹنگ کے دوران کوئی گڑ بڑ نہیں کریں گے۔

لیکن، ہونی کو کون ٹال سکتا ہے۔

ایسا ہی کچھ منفرد واقعہ امریکی ٹی وی چینل ’ڈبلیو ایس بی ٹی وی‘ کے رپورٹر ٹوم ریگن کے ساتھ بھی ہوا، جو ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا سے خراب موسم کے باوجود روڈ حادثات نہ ہونے کی براہ راست رپورٹنگ کر رہے تھے۔

ٹوم ریگن نے اپنے نیوز روم سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ برفباری ہونے اور خراب موسم کے باوجود یہاں روڈ حادثات نہیں ہوئے، اور ڈرائیورز احتیاط سے ڈرائیونگ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نشریات کے دوران نیوز اینکر کے ہاں بچے کی پیدائش

لیکن جیسی ہی انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز احتیاط سے ڈرائیونگ کر رہے ہیں، اور یہاں حادثات نہیں ہوئے، عین اسی لمحے ان کے پیچھے نظر آنے والے روڈ پر ایک تیز رفتار کار حادثے کا شکار ہوگئی۔

ٹوم ریگن کی براہ راست رپوٹنگ کی اس وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے پیچھے ایک سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت جاری ہے، جب کہ سڑک کے دونوں اطراف برف کی سفیدی سے ڈھکی زمین بھی دکھائی دے رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رپورٹر کی جانب سے حادثات نہ ہونے کی بات کہنے کے دوران ہی ایک کار تیزی سے سڑک سے مڑ جاتی ہے۔

یہ حادثہ عین اسی لمحے ہوا، جب رپورٹر یہ دعویٰ کر رہے تھے کہ برفباری اور خراب موسم کے باوجود ڈرائیورز احتیاط سے ڈرائیونگ کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: نیوز کاسٹر نے لائیو اپنے شوہر کے ہلاک ہونے کی خبر دی

خیال رہے کہ ان دنوں ریاست جارجیا میں شدید برفباری کی وجہ سے ریاست کی 80 سے زائد کاؤنٹیز میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

شدید برفباری کے باعث سیکڑوں لوگ گھروں تک محصور ہوچکے ہیں، جب کہ مسلسل برفباری کی وجہ سے ٹریفک کی روانی سمیت پروازوں کے شیڈول بھی متاثر ہوئے ہیں۔