کھیل

پاکستان کو ورلڈ الیون کے ہاتھوں 5-1 سے شکست

ورلڈ الیون نے پاکستان انڈر18 ٹیم کو ہاکی کا بھولا سبق پڑھاتے ہوئے نمائشی میچ میں 5-1 سے شکست دے دی۔

پاکستان کے دورے پر آئی ورلڈ الیون نے پاکستان انڈر18 ٹیم کو ہاکی کا بھولا سبق پڑھاتے ہوئے نمائشی میچ میں 5-1 سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان اور اس سیریز کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی سمیت کھیلوں کے مقابلوں کی بحالی ہے۔

کراچی کے عبدالستار اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے شاندار انداز میں آغاز کیا اور عبدالطیف نے میچ کے پانچویں منٹ میں گول کر کے میزبان ٹیم کو برتری دلا دی۔

تاہم مختلف ملکوں کے کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون نے میچ میں بھرپور انداز میں واپسی کرتے ہوئے میچ کے آخری دو کوارٹرز میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 15 منٹ میں پانچ گول داغ دیے۔

میچ کے 33ویں منٹ میں ہالینڈ کے روڈرک ویوتھوف نے دوسرے پینالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ برابر کردیا جبکہ تین منٹ بعد ایک اور پینالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر کے انہوں نے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

میچ کے 41ویں منٹ میں آسٹریلیا کے گرانٹ شوبرٹ نے عمدہ فیلڈ گول کر کے شائقین کو خوب محظوظ کیا جبکہ میچ کے 45ویں منٹ میں نیدرلینڈ سے آئے فلپ میولن بروک نے بھی گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو 4-1 کر دیا۔

حریف ٹیم کے تابڑ توڑ حملوں سے گھبراہٹ کا شکار پاکستان کی انڈر18 ٹیم کے نوجوان کھلاڑی ابھی سنبھل بھی نہ پائے تھے کہ 48ویں منٹ اسپین کے ڈیوڈ ایلگرے نے گول کر کے اسکور 5-1 کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔

سیریز کا دوسرا اور آخری میچ اتوار کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔