لنزے لوہان سعودی عرب کے بدلتے سماج پرفلم بنائیں گی
ہولی وڈ اداکارہ لنزے لوہان نے سعودی عرب میں خواتین سے متعلق ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کے پیش نظرخاتون کے مرکزی کردار پر مبنی فلم بنانے کا اعلان کردیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی سعودی عرب میں 35 سال بعد پہلی فلم کو ریلیز کیا گیا۔
سعودی عرب میں 35 سال بعد کھلنے والے سینما گھروں میں پہلی فلم کا اعزاز اینیمیٹڈ ہولی وڈ فلم ’دی ایموجی‘ کو حاصل ہوا۔
سعودی عرب میں گزشتہ برس دسمبر میں حکومت نے سینما پرعائد پابندی ہٹادی تھی، ساتھ ہی سعودی عرب میں گزشتہ برس پہلی بار خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت بھی دی گئی۔
یہی نہیں سعودی حکومت نے خواتین کو کھیلوں کے میدان میں بھی جانے کی اجازت دی، جب کہ انہیں میوزک کنسرٹ میں بھی شرکت کی اجازت دی گئی۔
سعودی حکومت نے خواتین پر عائد کئی پابندیاں اپنے سعودی وژن 2030 کے تحت ہٹادیں، جس کے ذریعے سعودی عرب میں کلچر کو فروغ دے کر اپنی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں 35 سال بعد پہلی فلم ریلیز
سعودی حکومت کے ان قدموں کو دیکھتے ہوئے جہاں کئی دیگر ادارے مستقبل میں سعودی عرب میں انٹرٹینمنٹ منصوبے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، وہیں ہولی وڈ اداکارہ لوہان نے بھی سعودی عرب کے بدلتے سماج پر فلم بنانے کا اعلان کردیا۔
اداکارہ حال ہی میں امریکی ٹی وی چینل پر چلنے والی معروف ٹاک شو ’وینڈی شو‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے میزبان سے اپنے منصوبے سے متعلق بات کی۔
ادکارہ نے بتایا کہ وہ سعودی عرب کے بدلتے سماج پر’فریم‘ نامی فیچر فلم بنائیں گی، جس میں مرکزی کردار ایک خاتون کا ہوگا، جو سعودی عرب میں جدوجہد کے ذریعے اپنی الگ پہنچان بناتی ہیں۔
لوہان نے فلم سے متعلق بتایا کہ فلم کا مرکزی کردار ایک نوجوان خاتون فوٹوگرافر کا ہوگا، جو امریکا میں مقیم اپنے شوہر کو چھوڑ کر ریاض منتقل ہوتی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق یہ کردار ریاض آکر سعودی عرب کے کلچر و سماج کے رنگ میں رنگ جاتا ہے، اور اپنی ایک الگ منفرد پہچان بناتا ہے۔
مزید پڑھیں: لوہان قرآن کا مطالعہ کررہی ہیں؟
اداکارہ نے اس فلم کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم بہت ہی منفرد ہوگی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ لوہان اپنی اس فیچر فلم پر رواں برس ستمبر میں شوٹنگ کا آغاز کردیں گی۔
ساتھ ہی ادکارہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ دبئی میں اپنے نام سے ایک آئی لینڈ ڈزائن کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں۔
خیال رہے کہ 31 لوہان نے اکتوبر 2017 میں دبئی کے ایک آئی لینڈ سے اپنی مختصر ویڈیو جاری کی تھی، جس کے کیپشن میں انہوں نے اس آئی لینڈ کو ’لیزلے لوہان‘ لکھا تھا۔