پاکستان

جسٹس یاور شاہ کو لاہور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی سفارش

جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی بھی سفارش کی۔

اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن نے جسٹس یاور علی شاہ کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی سفارش کردی۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی صدارت میں اعلیٰ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے دو سینئر ججز، وفاقی و صوبائی وزیر قانون، سپریم کورٹ بار اور بار کونسل کے عہدیداران سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ کی بطور سپریم کورٹ جج، جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس یاور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس ہائی کورٹ کی سفارش کی گئی۔

اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے لیے بطور ججز چھ ناموں کی، جبکہ ہائی کورٹ میں ایک سال کے لیے ایڈیشنل جج تعینات کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔

سندھ کے دو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز عشرت علی شاہ اور کوثر سلطانہ کی بھی سفارش کی گئی، جبکہ چار وکلاء کو سندھ ہائی کورٹ کا جج مقرر کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔

ان وکلاء میں عدنان اقبال، امجد علی، آغا فیصل اور صلاح الدین عباسی کے نام شامل ہیں۔