کھیل

پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی کیلئے سابق اسٹارز کی آمد

ہالینڈ کے سابق عظیم کھلاڑی پال لیجنز اور روب لاتھیورز کراچی پہنچے جن کا ائرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔

کراچی میں ہاکی کے انٹرنیشنل ہال آف فیم اور ورلڈ الیون کھلاڑیوں کی کراچی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

پاکستانی کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ میں پہنچنے والے کھلاڑیوں کاشاندار استقبال کیا گیا۔

کراچی پہنچنے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں میں پینالٹی کارنراسپشلشٹ پال لیجنز، روب لاتھیورز اور سلطان احمد شامل ہیں۔

ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے سابق عظیم کھلاڑی پال لیجنز نے 177 میچوں میں 268 گول کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا جس کو 22 سال بعد توڑ دیا گیا تھا۔

پال لیجنز نے 1981 میں ہاکی میں انفرادی طور پر سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا جو پاکستان کے سابق کھلاڑی اور پنالٹی کارنراسپیشلسٹ سہیل عباس نے 2004 میں 22 سال بعد توڑ دیا تھا۔

کراچی پہنچنے والے روب لاتھیورز نے ہاکی کے 67 بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے جبکہ تین مرتبہ اولمپکس مقابلوں میں بھی اپنے فرائض انجام دیے۔

خیال رہے کہ ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ملک میں بین الاقوامی ہاکی کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے کوششوں کے سلسلے میں پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان دو میچوں کا انتظام کیا ہے اور امید ظاہر کی جارہی ہے ان میچوں کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی ہوگی۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان پہلا ہاکی میچ 19 جنوری کو کراچی اور دوسرا میچ 21 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔