لائف اسٹائل

’غلط فلمیں ضرور کیں، لیکن ان کی مدد سے اپنے بل بھی ادا کیے‘

نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکار منوج باجپائی 9 فروری کو ریلیز ہونے والی فلم ’ایارے‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔

بولی وڈ اداکار منوج باجپائی کو فلمی انڈسٹری میں دو دہائیوں سے زیادہ وقت ہوچکا ہے، اور اس دوران انہوں نے اپنے کیرئیر میں ناکامی اور کامیابی دونوں ہی دیکھی۔

منوج باجپائی نے بولی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 1994 کی فلم ’دروکال‘ کے ساتھ کیا۔

لیکن دوسرے اداکاروں سے برعکس وہ اپنے کیریئر میں آنے والی کامیابی کے ساتھ ساتھ ناکامی کو بھی خاصی اہمیت دیتے ہیں، اور اسے کبھی بھولنا نہیں چاہتے۔

مزید پڑھیں: منوج باجپائی ہم جنس پرست پروفیسر کے کردار میں

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق منوج کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’اگر آپ کوئی غلط فلم میں کام کرتے ہیں، تو یہ آپ کی اپنی ذمہ داری ہے، یہ فیصلہ کرنا کسی اور کے ہاتھ میں نہیں ہوتا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ہمیشہ کسی بھی غلط فلم میں کام کرنے سے بےحد خوفزدہ ہوتا ہوں، مجھے اپنی ان فلموں پر فخر تو نہیں لیکن ان میں کام کرنے کا فیصلہ بھی میرا اپنا ہی تھا، میں نے ان فلموں میں کام کرنے کا فیصلہ بہت مشکل حالات کی وجہ سے کیا‘۔

نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکار کا ماننا ہے کہ غلط فلم سے ان کا مطلب ایک ایسی فلم ہے جس کی کہانی پر وہ خود یقین نہیں کرتے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’آپ کو خود کو منوانا پڑتا ہے کہ گھر بیٹھ کر انتظار کرنے کے بعد صحیح کردار ادا کرنے کی آفر ضرور ملے گی، مجھ میں اب اتنا صبر ہے کہ میں ایسا کرسکتا ہوں، اور ایسے ہی کسی بھی کردار کو ادا کرنے کی حامی نہیں دیتا‘۔

یہ بھی پڑھیں: یہ تھرلر فلمیں دیکھنے کے لیے تیار ہیں؟

جب ان سے ان کی ’غلط فلموں کے نام پوچھے گئے تو اداکار نے ان کے نام بتانے سے معذرت کرلی۔

منوج باجپائی نے کہا کہ ’میں کبھی ان فلموں کے نام نہیں لوں گا، کیوں کہ ان میں کام کرنا میرا اپنا فیصلہ تھا، اور اگر میں ان کو غلط مانتا ہوں تو اس میں ان لوگوں کی غلطی نہیں جنہوں نے مجھے فلم آفر کی، اس وقت شاید یہ فلمیں میرے لیے صحیح نہیں تھیں، لیکن ان کی مدد سے میں نے اپنے بہت سے بل ادا کیے، اور میں فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ اپنے کیریئر میں، میں نے ایسی غلط فلمیں بہت کم ہی کی ہیں‘۔

وہ اس وقت اپنی فلم ’ایارے‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جسے رواں سال 9 فروری کو سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔

اس فلم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ان کے کیریئر کی شاید سب سے بہترین فلم ہوگی، اور وہ فلم کی کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ باکس آفس پر ہونے والے بزنس سے نہیں کرتے۔

اس فلم میں سدھارتھ ملہوترا بھی اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔