گرینڈ ہوم کی جارحانہ بیٹنگ، پاکستان چوتھا میچ بھی ہار گیا
کولن ڈی گرینڈ ہوم کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں شکست دے کر سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کر کے مہمان ٹیم کیلئے کلین سوئپ کا خطرہ پیدا کردیا ہے۔
ہملٹن میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ایک مرتبہ پھر درست ثابت نہ ہو سکا۔
پاکستان نے میچ کیلئے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے اظہر علی کی جگہ حارث سہیل کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا اور فہیم اشرف کو اوپننگ کرانے کا جوا کھیلا جو چل نہ سکا اور وہ صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔
بابر اعظم کی ناکامیوں کا سلسلہ چوتھے میچ میں بھی جاری رہا اور تین رنز بنا کر ٹم ساؤدھی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو قومی ٹیم صرف 11 رنز پر دو کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔
مزید پڑھیں: شاہین آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ، پاکستان کامیاب
اس موقع پر فخر زمان کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے اور دونوں نے تیسری وکٹ کیلئے 86 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، مچل سینٹنر نے54 رنز بنانے والے فخر کی وکٹیں بکھیر دیں۔