کھیل

بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ: پاکستان کا ریکارڈ،آسٹریلیا کو 394 رنز سے شکست

پاکستان بلائنڈ ٹیم نے ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور 563 رنز بنایا، عامر اشفاق نے 208 رنز بنائے۔

پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے ایک میچ میں پاکستان نے ریکارڈ 563 رنز کا مجموعہ ترتیب دینے کے بعد آسٹریلیا کو 394 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے دی جبکہ بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں نے بھی اپنے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کرلی۔

متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان کے ایم سی سی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان بلائنڈ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40 اوورزمیں 4 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز کا مجموعہ ترتیب دے کر ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ قائم کرلیا۔

پاکستانی بلے باز عامر اشفاق نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 208 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

ثنا اللہ نے 143 اورہارون خان نے 105 رنز بنا کر عامر اشفاق کی بہترین اننگز کا ساتھ دیتے ہوئے تاریخی مجموعہ ترتیب دینے میں اپناکردار ادا کیا۔

تاریخی ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بلائنڈ ٹیم صرف 169 رنز پر ڈھیر ہو کر شکست کھا گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیفن پالمر71 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا، ہارون خان اور مطیع اللہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

عامر اشفاق کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بلائنڈ ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں بھارت کی بلائنڈ ٹیم نے نیپال بلائنڈ ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔

نیپال کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 37.5 اوورز میں 156 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس میں نمایاں حصہ برت تھاپا کا تھا جنھوں نے 35 رنزبنائے۔

بھارت نے آسان ہدف 15 ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

بھارتی بلائنڈ ٹیم کے سنیل گھاڑیاں 54 اور مہندر نے 40 رنز بنائے۔

تیسرے میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو5 وکٹوں سے زیر کیا جس میں بنگلہ دیش کی بلائنڈ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کے عبدالمالک111 رنز بنائے۔

سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، سلوا نے 118 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

خیال رہے کہ پاکستان کو گزشتہ میچ میں روایتی حریف بھارت کی بلائنڈ ٹیم سے شکست ہوئی تھی تاہم اگلے میچ میں تاریخی کارکردگی دکھا کر میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔