پاکستان

رواں ماہ کراچی سمیت اہم شہروں سے نئی ریل کا آغاز ہوگا، سعدرفیق

نئی ریل اورعلامہ اقبال ایکسپریس کے تمام ریک تیار ہیں اوراب ان کی تزئین و آرائش کو حتمی شکل دی جارہی ہے، وفاقی وزیرریلوے

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ رواں ماہ خیبرپختونخوا کے عوام کوکوہاٹ سے راولپنڈی ریل کار کے اجرا اور سیالکوٹ سے کراچی سفر کرنے والے مسافروں کو نئی علامہ اقبال ایکسپریس کے تحفے دیں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کوہاٹ کے شہریوں کے لیے ایک نئی ٹرین اورعلامہ اقبال ایکسپریس کے تمام ریک تیار کیے جاچکے ہیں اوراب ان کی تزئین و آرائش کو حتمی شکل دی جار ہی ہے۔

ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کو ایک ماہ کے عرصے میں کراچی اور میرپور خاص کے درمیان مہران ایکسپریس کی بحالی کا تحفہ بھی دیا جائے گا جس کے بہترین اور باسہولت ریک کی تیاری کے لیے ریلوے کی ورکشاپس میں ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ جہاں کوہاٹ سے راولپنڈی کے روٹ پر ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے وہی اوکاڑہ اور یوسف والا کے نئے ریلوے اسٹیشن بھی تکمیل کے مراحل طے کر چکے ہیں اور بہت جلد ان کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔

بلوچستان کے دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سبی-ہرنائی سیکشن پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور اس سیکشن کی بحالی پاکستان ریلوے کی بحالی منصوبے کا اہم سنگ میل ہو گی۔

وزیرریلوے نے لاہور، ملتان، خانیوال، روہڑی اور کراچی میں واشنگ لائنز کی آوٹ سورسنگ کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کی جہاں انھوں نے کہا کہ مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے صاف ستھری ریل انتہائی ضروری ہے۔