پاکستان

کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق

جاں بحق اہلکار صبح سویرے گلبرگ تھانے پر اپنی ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ اسے مسلح موٹر سائیکل سواروں نے گولیوں کا نشانہ بنایا
|

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چارنگی کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق پولیس اہلکار صبح سویرے گلبرگ تھانے پر اپنی ڈیوٹی پر جا رہا تھا جب دو موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کردیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق پولیس اہلکار کی شناخت شاکر کے نام سے کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی:پولیس وین پر فائرنگ سے دو اہلکار زخمی

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کا کہنا تھا کہ اورنگی ٹاؤن کا رہائشی جاں بحق پولیس کانسٹیبل اینٹی اسٹریٹ کرائم اسکواڈ کا حصہ تھا جسے گلبرگ تھانے کی حدود میں گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جائے وقوع سے دو 9 ایم ایم پستول کے خالی بور بر آمد کرلیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کی شناخت کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

انسپیکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ای ڈی خواجہ نے لنڈی کوتل چورنگی کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر ڈی آئی جی ویسٹ سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی شہر میں عوام اور پولیس افسران پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے اکثر واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

ان واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: سائٹ کے علاقے میں فائرنگ، 4 پولیس اہلکار جاں بحق

یاد رہے کہ رینجرز نے کراچی میں ستمبر 2013 میں ٹارگٹڈ آپریشن کا آغاز کیا تھا جو تاحال جاری ہے۔

ان آپریشنز میں اب تک کئی دہشت گردوں کو گرفتار یا ہلاک کیا جاچکا ہے۔

ان دہشت گردوں کی جانب سے پولیس رینجرز و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف رد عمل بھی سامنے آتا رہتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 11 ستمبر 2017 کو کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں تلاشی کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 23 جون کو سائٹ ایریا میں ٹارگٹڈ حملے میں 4 پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔