گولڈن گلوب ایوارڈز: کون، کون لے اڑا؟
گولڈن گلوب ایوارڈز: کون، کون لے اڑا؟
آسکر ایوارڈز کے بعد فلمی دنیا میں دوسرے بڑے ایوارڈ کا اعزاز رکھنے والے گولڈن گلوب ایوارڈز کی 75 ویں تقریب کیلیفورنیا کے فیشن ڈسٹرکٹ بیورلی ہلزمیں منعقد ہوئی۔
روایات سے ہٹ کر اس بار ایوارڈز تقریب میں تقریبا تمام ستارے مختلف رنگوں کے بجائے سیاہ رنگ کے لباس میں نظر آئے۔
کئی اداکاراؤں و اداکاروں نے پہلی ہی گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں احتجاج کے طور پر سیاہ لباس پہن کر شرکت کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اداکاراؤں و اداکاروں کی جانب سے سیاہ لباس میں شرکت سے گولڈن گلوب کا ریڈ کارپٹ 'سیاہ کارپٹ' میں بدل گیا۔
اداکاراؤں واداکاروں نے سیاہ لباس ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن سمیت دیگر اداکاروں و ڈائریکٹرز کی جانب سے فلم انڈسٹری کی خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف بطور احتجاج پہنا۔
ایوارڈ تقریب میں میزبان سیٹھ میئرس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن اور اداکار کیون اسپیسی پرطنز کے تیر برسائے۔
واضح رہے کہ ہولی وڈ سے تعلق رکھنے والے 300 سے زائد اداکاروں، ڈائریکٹرز، لکھاریوں اور دیگر افراد نے 'ٹائمز اپ' کے نام سے مہم شروع کر رکھی ہے، جس کا مقصد دوران ملازمت خاص طور پرخواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے مسئلے کو اجاگر کرنا ہے۔