لائف اسٹائل

’پدماوتی‘ کا نام تبدیل، فلم 25 جنوری کو ریلیز ہوگی

مؤرخین نے فلم کا نام ’پدماوت‘ رکھنے کی تجویز دیتے ہوئے فلم کے گانے ’گھومر‘ میں تبدیلیاں کرنے کی سفارش کی تھی۔

بولی وڈ کی تاریخی فلم ’پدماوتی‘ کا نام تبدیل کرکے اسے نمائش کے لیے پیش کیے جانے کا سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا۔

اب یہ فلم ’پدماوتی‘ کے بجائے ’پدماوت‘ کے نام سے رواں ماہ 25 جنوری کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ ’پدماوتی‘ کو یکم دسمبر 2017 کو ریلیز کیا جانا تھا، تاہم ہندوستان کی راجپوت سینا تنظیموں کی جانب سے سخت احتجاج کے بعد فلم کی نمائش مؤخر کردی گئی تھی۔

راجپوت سینا تنظیموں کا کہنا تھا کہ فلم میں رانی پدمنی یعنی پدماوتی کی تاریخ کو مسخ کرکے پیش کیا گیا، جب کہ فلم کی ٹیم نے ایسے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

بعد ازاں بھارت کے فلم سینسر بورڈ نے مؤرخین کو’پدماوتی‘ دکھانے کا اہتمام بھی کیا، جنہوں نے فلم میں چند تبدیلیاں کرنے کی تجویز پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: ریلیز کیلئے ’پدماوتی‘ کا نام تبدیل کرنے کی شرط

مؤرخین کے پینل نے فلم کا نام تبدیل کرنے سمیت ’گھومر‘ گانے میں بھی چند تبدیلیاں کرنے کی تجویز پیش کی۔

اس تجویز کے بعد سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) نے فلم کی ٹیم کو فلم کا نام ’پدماوتی‘ سے تبدیل کرکے ’پدماوت‘ رکھنے کا حکم دیا۔

ممبئی مرر کے مطابق اب فلم کو ’پدماوت‘ کے نام سے 25 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا۔

لیکن ساتھ ہی اب ’پدماوت‘ کا مقابلہ اکشے کمار کی فلم ’پیڈ مین‘ سے ہوگا، جو 26 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔

پدماوت کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر ریلیز کیا جا رہا ہے، اور اس دن بولی وڈ کی اور بھی فلمیں ریلیز ہونا تھی، لیکن اب ان کی نمائش مؤخر کیے جانے کا امکان ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کے گانے ’گھومر‘ میں کیا تبدیلیاں کی گئی ہیں، خیال کیا جا رہا ہے کہ تنازعات سے بچنے کے لیے فلم کے اہم متنازع مناظر کاٹ دیے گئے ہوں گے۔

مزید پڑھیں: مؤرخین ’پدماوتی‘ میں تاریخ کو مسخ کرنے کا جائزہ لیں گے

ممبئی مرر کے مطابق 26 جنوری کو سدھارتھ ملہوترا کی ایکشن تھرلر فلم ’ایاری‘ بھی ریلیز ہونا تھی، جس کی نمائش مؤخر کردی گئی۔

دوسری جانب انوشکا شرما کی فلم ’پری‘ سے متعلق بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کی نمائش بھی مؤخر کردی جائے گی۔

’پدماوت‘ اور ’پیڈ مین‘ کی ایک ساتھ نمائش ہونے سے اب خیال کیا جا رہا ہے کہ دپیکا پڈوکون کی فلم توقعات سے کم بزنس کرے گی۔