پاکستان

عمران خان کی تیسری شادی، پی ٹی آئی رہنماؤں کی تردید

ایک مضمون میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان نے یکم جنوری کو ایک خاتون سے خفیہ شادی کی جن کو وہ اپنا روحانی گرو مانتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی مبینہ تیسری شادی کی خبروں کو پارٹی رہنماؤں نے بے بنیاد قرار دے دیا۔

ایک مضمون میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان نے یکم جنوری کو ایک خاتون سے خفیہ شادی کرلی جن کو وہ اپنا روحانی مرشد مانتے ہیں۔

انگریزی اخبار دی نیوز کے صحافی عمر چیمہ نے اپنے مضمون میں دعویٰ کیا کہ مفتی سعید نے عمران خان کی تیسری شادی کا نکاح پڑھایا، خیال رہے کہ 2015 میں عمران خان اور ریحام خان کی شادی کے نکاح خواں بھی مفتی سیعد ہی تھے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ: عمران خان اہل اور جہانگیر ترین نااہل قرار

مضمون میں یہ بھی بتایا گیا کہ نکاح کی تقریب لاہور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے سیکٹر وائی(Y) میں دلہن کے قریبی دوست کے گھر منعقد ہوئی جو پی ٹی آئی رہنماؤں کے بھی قریبی دوست ہیں۔

تاہم پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے ٹوئٹر پر اس خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب عمران خان کو سپریم کورٹ نے بے قصور ٹھرا دیا تو اب ان کی تیسری شادی کی کہانیاں بنائی جارہی ہیں۔

جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تیسری شادی کہاں اور کب کرنا عمران خان کا ذاتی معاملہ ہے۔

ان کے علاوہ عمران خان کے پولیٹیکل سیکرٹری عون چوہدری نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر ذمہ دارانہ صحافت ہے، یہ خبر بالکل جھوٹی اور بے بنیاد ہے۔

اپنی دوسری ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’میری تو خواہش ہو گی کہ عمران خان کی شادی ہو، اور انھیں ایسا شریک حیات ملے جو ان کی زندگی کو خوبصورت بنا ئے، لیکن سیاست سےاس کا کوئی تعلق نھیں۔

دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عون چوہدری نے عمران خان کی تیسری شادی کی خبر کی تردید کی، جبکہ دی نیوز نے متعدد ذرائع سے اس بات کی تصدیق بھی کی کہ نکاح کی تقریب میں عون چوہدری گواہ کے طور پر شریک ہوئے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے بھی عمران خان کی تیسری شادی کی خبر کو بے بنیاد قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی تیسری شادی؟کپتان کا ماننے سے انکار

ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کو ذاتی طور پر جاننے اور 35 سالہ رفاقت کے پیش نظر میں یہ بات پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ایسا کچھ نہیں ہوا، وہ اگر شادی کریں گے بھی تو 2018 میں عام انتخابات کے بعد کریں گے‘۔

تاہم مفتی سعید نے شادی کی نہ تو تردید کی اور نہ ہی اس کی تصدیق کی۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی پہلی شادی 1995 میں برطانوی ارب پتی کی بیٹی جمائما گولڈ سمتھ سے ہوئی، تاہم 2004 میں ان دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

جس کے بعد عمران خان نے 2015 میں ریحام خان سے شادی کی البتہ یہ رشتہ بھی 10 ماہ بعد طلاق کے ساتھ ختم ہوا۔