اداکارہ بننے کے لیے ناک نہیں کٹوا سکتی، ودیا بالن
ورسٹائل اداکارہ ودیا بالن 2018 کے شروع ہوتے ہی زندگی کے 39 ویں سال میں داخل ہوئیں، اور انہوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ سادگی سے سالگرہ منائی۔
مگر ان کی سالگرہ کی خبریں ایک ہفتہ قبل ہی میڈیا کی زینت بننا شروع ہوئیں، جس میں اداکارہ نے اپنے فلمی کیریئر اور ذاتی زندگی سے متعلق تجربات شیئر کیے۔
ودیا بالن نے اپنی 39 ویں سالگرہ ممبئی میں اپنے شوہر پروڈیوسر سدارتھ رائے کپور اور والدین کے ہمراہ سادگی سے سالگرہ منائی۔
دوسری جانب ودیا بالن نے انڈین ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں فلمی کیریئر کے آغاز میں دیگر اداکاروں کی طرح کئی بار نظر انداز کیا گیا، جب کہ ایک بار انہیں اپنے ناک کی سرجری کروانے کا مشورہ دیا گیا۔
انڈین ایکسپریس کے ٹاک شو ’ایکسپریسو‘ میں خاتون میزبان پریانکا سنہا جھا سے بات کرتے ہوئے ودیا بالن نے اپنی ذاتی زندگی اور فلمی کیریئر سے متعلق کھل کر بات کی۔
یہ بھی پڑھیں: میری کامیابی میں کسی کا کردار نہیں، ودیا بالن
انہوں نے کہا کہ فلمی کیریئر کے آغاز میں جب ان کی فلمیں فلاپ ہوئی تو وہ بہت مایوس ہوئیں، یہاں تک کہ وہ رو پڑیں، لیکن بعد ازاں اہل خانہ کے سمجھانے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ شروعات میں تو امیتابھ بچن اور مادھوری ڈکشٹ جیسی اداکاراؤں کی فلمیں بھی فلاپ ہوئیں۔