عمرکوٹ: شک کی بنیاد پر شوہر کے ہاتھوں مبینہ طور پر بیوی کا قتل
سندھ کے علاقے عمرکوٹ میں دو بچوں کی ماں کو مبینہ طور پر ان کے شوہر نے شک کی بنیاد پر قتل کردیا۔
عمرکوٹ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع گاؤں ویھرو میں 30 سالہ خاتون کو ان کے شوہر نے لاٹھی کے وار سے قتل کیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون پر ان کے شوہر نے شک کی بنیاد پر حملہ کیا اور لاٹھی کے مسلسل وار سے مار دیا۔
سول ہستپال عمرکوٹ میں پوسٹ مارٹم کے بعد مقتولہ کی لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے چھاپہ مارکر مقتولہ کے شوہر مبینہ ملزم کو گرفتار کرکے فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کردی ہے۔
مزید پڑھیں:سندھ: غیرت کے نام پر دو بچوں کی والدہ کا قتل
ایف آئی آر مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں ان کے شوہر اور دیگر دو افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی متعلقہ شق کے تحت درج کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ مئی 2017 میں بھی عمرکوٹ میں ہی ایک شخص نے اپنی اہلیہ، جو دو بچوں کی والدہ تھیں، کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔
بعد ازاں 4 جون 2017 کو ٹنڈو الہٰیار میں باپ نے غیرت کے نام پر اپنی 18 سالہ بیٹی کو قتل کردیا تھا اور 25 جون 2017 کو ٹنڈوالہٰیار میں ہی مبینہ طور پر غیرت کے نام پر خاتون سمیت دو افراد کو ذوکوب کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ہر سال عزت اور غیرت کے نام پر ایک ہزار سے زائد خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور ایسا اکثر خاندان کے افراد کی جانب سے ہوتا ہے۔
عورت فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ہونے والی سالانہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا کہ 2016 میں خواتین کے خلاف تشدد کے تقریباً 7،852 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔