پاکستان

لاہور:نیوائرنائٹ کے موقع پرتیزرفتار کارنے پولیس اہلکار کو کچل دیا

مرکزی ملزم محمد سعید کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو اپنے دوست مصفطیٰ کی گاڑی چلارہے تھے، ایس پی ڈاکٹر انوش چوہدری

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں نیو ائرنائٹ کے موقع پر تیزرفتار کار نے چیک پوسٹ پر کھڑے دو پولیس اہلکاروں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا جس کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر زخمی پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ ایک اہلکار مستنصر راستے میں دم توڑ گیا جبکہ دوسرے زخمی اہلکار کو لاہور جنرل ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق کیولری چوک کے قریب ڈیوٹی پر معمور دو اہلکاروں مستنصر حسین اور قاسم نے ایک تیز رفتار کار کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن کار نے انھیں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے بعد تیزرفتار کار کا ڈرائیور کار کو چھوڑ کر جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔

ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو 'غیراردی طور پر نقصان پہنچانے سے موت واقع ہونے اور تیز رفتاری یا غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا ہے'۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تیز رفتار کاردیگر گاڑیوں کو خطرناک طریقے سے پیچھے چھوڑتے ہوئے دو اہلکاروں کو کچل دیتی ہے۔

سپرینٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) انوسٹی گیشن ڈاکٹر انوش چوہدری کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزم محمد سعید اپنے دوست مصطفیٰ کی کار کو چلارہے تھے تاہم انھیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

حادثے کے وقت کارمیں موجود مصطفیٰ کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔