پاکستان

بلوچستان:اسمگلرز کے تعاقب میں حادثے کا شکار 5ایف سی اہلکارجاں بحق

ضلع خاران میں ایف سی اہلکار ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے والے افراد کا تعاقب کررہے تھے کہ ٹینکرنے کچل دیا، ایف سی ذرائع

بلوچستان کے ضلع خاران میں ایرانی ڈیزل کے اسمگلرز کا تعاقب کرنے والے ایف سی اہلکاروں کو تیز رفتار آئل ٹینکر نے کچل دیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

ایف سی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایف سی اہلکار ایرانی ڈیزل کے اسمگلرز کا تعاقب کررہے تھے اسی دوران حادثہ پیش آیا۔

حادثے میں جاں بحق پانچوں اہلکاروں کی لاشوں کو قریبی ہستپال منتقل کردیا گیا۔

حادثے کے فوری بعد ٹینکر کے ڈرائیور کی تلاش کے لیے علاقے میں چھاپے مارنے کا آغاز کردیا گیا ہے جو جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں پاک-ایران سرحد کے قریب علاقوں میں حادثات اکثر و بیشتر پیش آتے رہتے ہیں جس کے نتیجے میں کئی افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوجاتے ہیں۔

مزید پڑھیں:بلوچستان: مسافر بس کا ٹرالر سے تصادم، 11 افراد ہلاک

رواں سال اکتوبر میں چاغی کے علاقے میں بس اور ٹرالر کے تصادم کا بدترین حادثہ پیش آیا تھا جہاں 11 افراد جاں بحق اور 37 زخمی ہوگئے تھے۔

لیویز اہلکاروں کے مطابق حادثہ دالبندین سے 12 کلومیٹر دور لیغاپ کے علاقے میں پیش آیا جب کوئٹہ سے تافتان جانے والے مسافر بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔

چاغی میں پاک ایران سرحد کے قریب رواں سال اپریل میں بھی خطرناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اسی ہفتے دو مختلف ٹریفک حادثات میں افغان خاندان کے 4 افراد سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔