راولپنڈی: اہلخانہ کو یرغمال بنانے والا ملزم گرفتار، ایک شخص ہلاک
راولپنڈی میں اپنے ہی خاندان کے 22 سے 25 افراد کو یرغمال بنانے والے ذہنی طور پر بیمار مسلح شخص کو پولیس نے مزاحمت کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
ڈی ایس پی کینٹ راجہ تیفور نے بتایا کہ راولپنڈی کے علاقے مورگاہ آفیسر کالونی میں ذہنی طور پر بیمار شخص نے گذشتہ 6 گھنٹوں سے اہل خانہ کو یرغمال بنا رکھا تھا جبکہ اہل خانہ کی بازیابی کے لیے ایلیٹ کمانڈوز سے مدد طلب کی گئی تھی۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ گھر میں موجود ذہنی مفلوج شخص کے پاس ایک بندوق سمیت 4 ہتھیارتھے جس کے زور پر ملزم نے گھر میں موجود افراد کو یرغمال بنایا تھا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس نے یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے آپریشن کرتے ہوئے مسلح شخص کو گرفتار کیا۔
مزید پڑھیں: چھوٹو گینگ نےچند یرغمال پولیس اہلکاررہا کردیے
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گھر میں موجود ذہنی مفلوج شخص کے پاس دو پستول تھیں جس سے وہ وقتاً فوقتاً فائرنگ بھی کرتا رہا جس کی زد میں آکر مسلح شخص کا سسر اکبر ہلاک جبکہ ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار خرم زخمی ہوگیا۔
ڈی ایس پی کینٹ راجہ تیفور نے کامیاب آپریشن کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص نے 22 سے 25 افراد کو یر غمال بنا رکھا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گھر میں عورتوں اور بچوں کے ہونے کے باعث پولیس نے پہلے آپریشن کو ترجیح نہیں دی تھی اور اس مسلح شخص کے گھر والوں سے بات کرنے کی کوشش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مسلح شخص کی جانب سے ایلیٹ فورس کے جوان پر فائرنگ کے بعد ہم آپریشن کے لیے مجبور ہوگئے تھے اور گھر میں آنسو گیس کے شیلنگ کے بعد اس شخص کو فائرئنگ کرکے زخمی کیا اور ہسپتال منتقل کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح شخص پاگل نہیں بلکہ تربیت یافتہ معلوم ہوتا ہے کیونکہ اس نے اپنے مکمل ہوش و حواس میں پولیس اہلکاروں پر نشانہ لیتے ہوئے فائرنگ کی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ یرغمال بنانے والے مسلح شخص کی شناخت عبد الرحیم کے نام سے کی گئی ہے اور بتایا گیا کہ وہ نشہ کا عادی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلح شخص نے دو شادیاں کر رکھی ہیں اور اس کی عمر 35 سال ہے جبکہ اس کے 6 بچے بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: طالبان نے 235 یرغمال شہریوں کو رہا کردیا، افغان حکام
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ مسلح شخص 3 دن قبل گھر واپس آیا تھا اور اس کے آنے کے بعد سے ہی گھر سے شور شرابے کی آوازیں آ رہی تھیں۔
گرفتار مسلح شخص کے برادر نسبتی سعید اکبر نے ڈان نیوز کو بتایا کہ بہنوئی نے یہ کام دو چچوں کے کہنے پر کیا ہے ہمارا تعلق پٹھان فیملی سے ہے اور ذاتی دشمنیاں چلی آ رہی ہیں۔بدلہ لینے کے لئے پہلے چچا نے اسے نشہ کا عادی بنایا پھر اس کو گھر والوں کے خلاف بھڑکایا،بہنوئی کی شادی دو ہزار چار میں ہوئی تھی جس کی چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے تین دن قبل ہی بہنوئی گھر واپس آیا تھا آود چچا کے کہنے پر جوے میں ایکسویٹر مشین ہار چکا ہے
ایس پی پوٹھار سید محمد علی نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گھر کو مکمل طور پر کلئیر کر دیا گیا ہے ملزم کے چچا سسر کے قتل اور پولیس پر فائرنگ کرنے کا مقدمہ تھانہ مورگاہ میں درج کیا جائیگا اور زخمی ملزم سمیت پولیس کانسٹیبل کو ڈی ایچ کیو اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے،ملزم کی حالت بہتر ہونے کے بعد اس کے بیانات بھی قلمبند کیے جائینگے اور مقتول چچا سسر کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جائیگی۔