ہاکی ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے انتظامات شروع
لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ ہاکی الیون کے دورہ پاکستان کے انتظامات کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اسٹیڈیمز میں تماشائیوں کی تفریح کیلئے کنسرٹ منعقد کروانے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔
ورلڈ الیون آئندہ ماہ دو میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان آئے گی جہاں وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیکیورٹی کلیئرنس دے چکی ہیں جبکہ میچز کیلئے وزیر اعظم اور آرمی چیف کو بھی دعوت دی جائے گی۔
دہشت گردی کے باعث پاکستان میں کھیلوں کے میدان کئی برسوں سے ویران پڑے ہیں اور اس سے کرکٹ ہی نہیں بلکہ ہاکی اور دیگر کئی کھیلوں کے عالمی میدان کافی عرصے سے ویران ہیں۔
کرکٹ کے میدانوں کو آباد کرنے کیلئے رواں سال کرکٹ ورلڈ الیون نے پاکستان کا دورہ کیا تھا لیکن اب ہاکی کے میدان آباد کرنے کیلئے بھی ورلڈ الیون پاکستان پہنچ رہی ہے۔
ورلڈ الیون کے خلاف پہلا میچ 19 جنوری کو کراچی جبکہ دوسرا میچ 21 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ الیون چار روزہ دورے پر 18 جنوری کو براستہ دبئی کراچی پہنچے گی جس میں ہالینڈ، اسپین، ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم ، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے کھلاڑی شامل ہیں جبکہ ورلڈ ریکارڈ ہولڈر سہیل عباس ورلڈ الیون کی نمائندگی کریں گے۔
اس موقع پر ہال آف فیم میں پانچ کھلاڑی پنلٹی کارنر اسپیشلسٹ فلورنس جان بوولینڈر، پال لیجن، کرسچن بلنک، ڈان پرائر اور رکی چارلس ورتھ جبکہ پاکستان کے اصلاح الدین، حسن سردار، شہناز شیخ، اختر رسول اور شہباز سینئر کو ایوارڈ دیا جائے گا۔
پی ایچ ایف کے سیکرٹری شہباز سینئر اور دیگر عہدیدران انتظامات کی خود نگرانی کررہے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے گی۔