سلمان خان کی فلم نے پانچ دن کی کمائی کا ریکارڈ بنا ڈالا
تین دن قبل ہی بولی وڈ سلطان سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے بھارت بھر سے 114 کروڑ روپے کماکر نیا ریکارڈ بنایا تھا، تاہم اب اس نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔
’ٹائیگر زندہ ہے‘ محض 5 دن میں بھارت بھر سے 173 کروڑ روپے سے زائد کماکر کئی فلموں کی مجموعی کمائی سے بھی آگے نکل گئی۔
سلمان خان کی اس فلم نے 5 دن میں اتنے زیادہ پیسے کمائے ہیں کہ شاہ رخ خان اور ماہرہ خان کی رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ’رئیس‘ نے مجموعی طور پر بھی اتنے پیسے نہیں کمائے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘ٹائیگر زندہ ہے‘ 3 دن میں زیادہ پیسے کمانے والی بولی وڈ فلم
’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے نہ صرف ’رئیس‘ بلکہ اجے دیوگن کی فلم ’گول مال اگین‘ اور ورون دھون کی فلم ’جڑواں 2‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے 5 دن میں بھارت بھر سے 173 جب کہ دنیا بھر سے 220 کروڑ روپے بٹور کر کئی ریکارڈ الٹ پلٹ کردیے۔
شاہ رخ خان اور ماہرہ خان کی فلم رئیس نے مجموعی طور پر 137 کروڑ، اجے دیوگن کی گول مال اگین نے 205 کروڑ جب کہ ورون دھون کی جڑواں 2 نے 138 کروڑ روپے کمائے۔
خیال رہے کہ سلمان خان کی رواں برس ریلیز ہونے والی یہ واحد فلم ہے جو سپر ہٹ ثابت ہوئی، اس سے قبل ان کی ریلیز ہونے والی فلم ’ٹیوب لائیٹ‘ نے اگرچہ اچھا بزنس کیا، تاہم وہ سپر ہٹ ہونے میں ناکام گئیں۔
مزید پڑھیں: ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کو نمائش کے لیے پیش کردیا گیا
’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی شاندار کامیابی نہ صرف سلمان خان بلکہ اداکارہ کترینہ کیف کے لیے بھی اچھی ثابت ہوئی، ان کی بھی رواں برس رنبیر کپور کے ساتھ آںے والی فلم ’جگا جاسوس‘ بری طرح فلاپ ہوئی تھی۔
اس وقت ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اب تک کی ابتدائی 5 دن میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پہلی بولی وڈ جب کہ دوسری بھارتی فلم ہے۔
ابتدائی پانچ دن میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم ’باہو بلی 2‘ ہے۔
سلمان خان اور کترینہ کیف کی اس فلم کی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائد کردی گئی تھی، جس وجہ سے اسے یہاں نمائش کے لیے پیش نہیں کیا گیا۔
’ٹائیگر زندہ ہے‘ 2012 میں آنے والی فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کا سیکوئل ہے۔