پاکستان

جمہوریت پر شب خون مارنے والوں کو ناکامی ہوگی، شاہد خاقان عباسی

پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی قوم کو بتائیں کہ ان کے دورِ حکومت میں پاکستان کے وسائل کہاں خرچ ہوئے، وزیراعظم

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جو لوگ جمہوریت پر شب خون مارنا چاہتے ہیں اور شیروانیاں سلوا کر کسی غیر منتخب حکومت کا حصہ بننا چاہتے ہیں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ہزارہ موٹر وے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہی آئندہ برس انتخابات میں کامیاب ہوکر حکومت بنائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کو دکھائے کہ اس نے صوبہ خیبر پختونخوا میں کتنا کام کیا اور وسائل کہاں خرچ کیے۔

انہوں نے گزشتہ وفاقی حکومتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی قوم کو بتائیں کہ ان کے دورِ حکومت میں پاکستان کے وسائل کہاں خرچ ہوئے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا کراچی کیلئے 25 ارب روپے کے پیکج کا اعلان

پاکستان نے 5 سالوں میں 18 سو کلومیٹر طویل موٹر وے بنائی جو ترقی یافتہ ممالک بھی نہیں بنا سکتے تھے۔

بجلی کے منصوبوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی آزادی سے لیکر 2013 تک 17 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے گئے تھے لیکن گزشتہ ساڑھے سار سال کی قلیل مدت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 11 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے جبکہ 10 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے ابھی بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 2030 تک بجلی کے لیے خودکفیل بنادیا ہے اور یہ ایسے منصوبے نہیں ہیں جو صرف کاغذوں میں موجود نہیں ہیں بلکہ ان کی ادائیگی بھی کی جاچکی ہے۔

جب حکومت آئی تو ملک میں گیس نہیں تھی، لیکن آج گیس موجود ہے اور کارخانے چل رہے ہیں جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ گزشہ دہائی میں پاکستان 10 لاکھ ٹن یوریا درآمد کرتے رہے لیکن آج ملک 6 لاکھ ٹن یوریا برآمد کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے اعزاز میں گارڈ آف آنر

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف دھرنے دیئے گئے، حکمراں جماعت کو گالیاں دی گئیں، لیکن حکومت نے اپنا کام کرنا تھا جو کر کے دکھایا۔

وزیراعظم نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ اس دوران اخبارات پڑھیں تو لگتا ہے کہ حکومت اگلے روز ختم کر دی جائے گی، تاہم حکومت کے خلاف لکھنے والوں سے یکم جون 2018 کو ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ جمہوریت پر شب خون مارنا چاہتے ہیں اور شیروانیاں سلوا کر کسی غیر منتخب حکومت کا حصہ بننا چاہتے ہیں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید پڑھیں: انسانوں کو 2024 تک ’مریخ‘ پر لے جانے کا منصوبہ

ان کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشن میں عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہیں ترقی کے میدان میں عملی اقدامات کرنے والی حکومت چاہیے یا صرف باتیں کرنے والی حکومت چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے مشکور ہیں جنہوں نے ہزارہ موٹر وے منصوبے کے لیے سخت محنت کی اور اسے یقینی بنایا۔

تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے چینی سفیر اور چینی کمپنیوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ان کی مدد کے بغیر یہ منصوبہ اتنی جلدی مکمل نہیں ہوسکتا تھا۔