پاکستان

مفتاح اسمٰعیل وزیراعظم کے مشیر خزانہ و اقتصادی امور مقرر

مفتاح اسمٰعیل کی بطور مشیر تقرری کا فوری اطلاق ہوگا اور ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا، نوٹی فکیشن
|

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مفتاح اسمٰعیل کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا مشیر خزانہ و اقتصادی امور مقرر کردیا۔

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مفتاح اسمٰعیل کی بطور مشیر تقرری کا فوری اطلاق ہوگا اور ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

خزانہ و اقتصادی امور کے مشیر کے طور پر تقرری کے بعد مفتاح اسمٰعیل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اقتصادی کا عہدہ نہیں رکھیں گے۔

وزیر اعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت ممنون حسین نے مفتاح اسمٰعیل کی بطور مشیر تقرری کی منظوری دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: رانا افضل کو وزیر مملکت برائے خزانہ بنانے کی منظوری

حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسمٰعیل نے یونیورسٹی آف پنسلوینیا کے ’دی وارٹن اسکول‘ سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ منگل کے روز رانا محمد افضل خان نے بھی وزیر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

22 دسمبر کو وزیر اعظم نے رانا محمد افضل کو وزیر مملکت برائے خزانہ بنانے کی منظوری دی تھی۔