دنیا

کلبھوشن سے اہلخانہ کی ملاقات کی کوئی صداقت نہیں، بھارت

پاکستان کی طرف سے اس ملاقات کا اہتمام اس انداز میں کیا گیا جس سے ہمارے درمیان مفاہمت کو نقصان پہنچا، بھارتی وزارت خارجہ

بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستان میں فوجی عدالت سے سزائے موت کے مجرم، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق رکھنے والے جاسوس کلبھوشن یادیو سے اسلام آباد میں اس کی اہلیہ اور والدہ کی ملاقات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسی ملاقات تھی جس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

پاکستان کی طرف سے کلبھوشن سے اس کے اہلخانہ کی ملاقات کی اجازت بھارتی جاسوس کی گرفتاری کے تقریباً 21 ماہ بعد ’انسانی ہمدردی‘ کی بنیادوں پر دی گئی۔

تاہم کلبھوشن سے اس کے اہلخانہ کی ملاقات کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ہمیں افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے اس ملاقات کا اہتمام اس انداز میں کیا گیا جس سے ہمارے درمیان مفاہمت کو نقصان پہنچا۔

بیان میں الزام لگایا گیا کہ ’ملاقات سے قبل اس بات کا واضح معاہدہ کیا گیا تھا کہ میڈیا کو اَونتی اور چیتنکل کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، لیکن پاکستانی میڈیا کو کئی مواقع پر اہلخانہ کے افراد کے قریب جانے اور ہراساں کرنے کی اجازت دی گئی اور ان کے سامنے کلبھوشن یادیو پر جھوٹے الزامات لگائے گئے۔‘

بھارتی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا کہ ’ملاقات سے قبل کلبھوشن یادیو کی اہلیہ کے جوتے بھی کسی انجانی وجہ سے اتار لیے گئے اور ان کی متعدد بار کی درخواست کے باوجود ملاقات کے بعد واپس نہیں کیے گئے۔‘

بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ کی نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات کے بعد جاری کیا گیا، جہاں انہوں نے اپنی ملاقات سے متعلق حکام کو بریف کیا۔

'کلبھوشن کی اہلیہ کے جوتے میں کچھ چھپایا گیا تھا'

دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بھارت کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی اور کہا کہ کلبھوشن کی اہلیہ چیتنا کے جوتے میں کوئی چیز چھپائی گئی تھی اسی لیے جوتے میں کچھ ہونے کے شبہے پرملاقات سے پہلے جوتا اتار لیا گیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ملاقات سے پہلے زیور بھی اتر وا لیا گیا تھا تاہم جوتے کے علاوہ تمام اشیا ملاقات کے بعد واپس لوٹا دی گئی تھیں۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اور پاکستان اس طرح کی لفظی جنگ میں شامل ہونا نہیں چاہتا۔

میڈیا کی موجودگی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ میڈیا وہاں موجود تھا اور کلبھوشن کی والدہ نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا جس کو میڈیا نے ریکارڈ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: والدہ اور اہلیہ کی دفتر خارجہ میں کلبھوشن یادیو سے ملاقات

کلبھوشن یادیو کی اہل خانہ سے ملاقات کے ایک روز بعد نئی دہلی میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے صبح سویرے بھارتی جاسوس کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں بھارت کے سیکریٹری خارجہ جے شنکر اور وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد بھارتی جاسوس کے اہل خانہ نے میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کیا۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بھارتی صحافی مہا صدیقی کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کا مقصد کلبھوشن یادیو کی خیریت دریافت کرنا تھا جس کے لیے انہیں مدعو کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سشما سوراج نے یہ ملاقات کلبھوشن یادیو کے اہل خانہ کو تسلی دلانے کے لیے کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے دفتر خارجہ میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ اور دفترخارجہ کی ڈائریکٹر انڈین ڈیسک ڈاکٹر فریحہ بگٹی کی موجودگی میں اپنی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کی۔

کلبھوشن یادیو سے لگ بھگ 40 منٹ کی ملاقات کے بعد ان کی اہلیہ اور والدہ دفتر خارجہ سے بھارتی ہائی کمیشن روانہ ہوگئیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کلبھوشن یادیو کون ہے؟

خیال رہے کہ پاکستان نے بھارت سے 10 نومبر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے گرفتار افسر کلبھوشن یادیو کی اہلیہ سے اس کی ملاقات کرانے کی پیش کش کی تھی۔

گزشتہ ماہ 18 نومبر کو بھارت کی جانب سے پاکستان کو اس پیشکش پر جواب موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا ’انسانی حقوق کی بنیاد پر کلبھوشن کی والدہ بھی اپنے بیٹے سے ملاقات کی حق دار ہیں اس لیے پاکستان پہلے والدہ کو ویزہ فراہم کرے جن کی درخواست پاکستانی ہائی کمیشن کے پاس موجود ہے‘۔

بعدِ ازاں 24 نومبر کو یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ بھارت کلبھوشن یادیو سے ملاقات کے لیے ان کی اہلیہ کے ہمراہ اپنے ایک اہلکار کو بھیجنا چاہتا ہے۔

بھارت کی جانب سے کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی حاصل کرنے کے لیے 15 مرتبہ پاکستانی دفتر خارجہ سے درخواست کی گئی اور ہر مرتبہ پاکستان نے اس درخواست کو مسترد کردیا تھا۔

تاہم بھارت نے پاکستان سے کلبھوشن یادیو کے اہل خانہ سے ان کے دورے پر سوالات یا ہراساں نہ کیے جانے کی ضمانت بھی طلب کر رکھی ہے۔

مزید پڑھیں: کلبھوشن کی گرفتاری اور ٹرائل

14 دسمبر کو ترجمان دفتر خارجہ کا بیان سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ بھارت نے کلبھوشن یادیو کی بیوی اور والدہ کی ملاقات سے متعلق پاکستانی پیش کش قبول کرتے ہوئے انہیں 25 دسمبر کو پاکستان بھجوانے پر رضامندی ظاہر کردی۔

پاکستان نے بھارت سے کلبھوشن یادیو کے اہلخانہ کی معلومات طلب کیں تاہم نئی دہلی کی جانب سے معلومات فراہم نہیں کی گئیں تھیں۔

بعدِ ازاں اعلیٰ سفارتی ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ بھارت کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کرانے کے معاملے پر ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے اور اس نے تاحال معلومات فراہم نہیں کیں کہ وہ کب اور کس فلائٹ کے ذریعے وہ اسلام آباد پہنچیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے معلومات کی فراہمی کے لیے ہفتہ کی رات تک کی حتمی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے بھارتی ہائی کمیشن کو مطلع کیا کہ اگر ہفتہ (23 دسمبر) کی رات تک مطلوبہ معلومات نہ ملیں تو 25 دسمبر کو کلبھوشن کی اس کے اہلخانہ سے ملاقات کرانا مشکل ہوجائے گا۔

تاہم 23 دسمبر کو بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے والدہ اور اہلیہ کی ملاقات کے حوالے سے پاکستان کو بھارت کی جانب سے معلومات فراہم کردی گئیں تھیں اور پاکستانی حکام کی جانب سے کلبھوشن یادیو کی والدہ اور اہلیہ کو 24 سے 26 دسمبر کے ویزے جاری کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ را کے لیے کام کرنے والے بھارتی نیوی کے حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن یادیو عرف حسین مبارک پٹیل کو پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 3 مارچ 2016 کو غیرقانونی طور پر پاکستان داخل ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی عدالت کلبھوشن کیس کی سماعت نہیں کرسکتی، پاکستان

بھارتی جاسوس نے مجسٹریٹ اور عدالت کے سامنے اعتراف کرلیا تھا کہ کہ انھیں را کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے منصوبہ بندی اور رابطوں کے علاوہ امن کے عمل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جاری کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

کلبھوشن یادیو کو پاکستان کی فوجی عدالت نے رواں سال اپریل میں دہشت گردی اور جاسوسی کے جرائم میں سزائے موت سنا دی تھی جس کی توثیق پاک فوج کے سربراہ نے کی تھی۔

رواں برس 10 مئی کو بھارت نے ’را‘ کے جاسوس کو سزائے موت سنانے کا معاملہ عالمی عدالت انصاف آئی سی جے میں لے جانے کا فیصلہ کیا اور عالمی عدالت سے اس کیس کو ہنگامی نوعیت کا قرار دے کر اس پر فوری سماعت کے لیے درخواست کی۔

بعدِ ازاں 18 مئی کو آئی سی جے نے بھارت کی اپیل پر عبوری فیصلہ سنایا اور حکم امتناع جاری کرتے ہوئے پاکستان ہدایت کی کہ اس کیس میں عبوری فیصلہ آنے تک کلبھوشن کی سزائے موت پر عمل درآمد سے روک دیا جائے جبکہ یہ کیس عالمی عدالت میں اب بھی زیر التوا ہے۔