لائف اسٹائل

‘ٹائیگر زندہ ہے‘ 3 دن میں زیادہ پیسے کمانے والی بولی وڈ فلم

سلمان خان کی 12 ویں فلم ہے جو 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی، کسی بھی اداکار کی سب سے کمانی والی فلم کا اعزاز بھی حاصل کرلیا

بولی وڈ سلطان سلمان خان کی تین دن قبل ریلیز ہونے والی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے تین دن میں 114 بھارتی کروڑ روپے سے زیادہ پیسے بٹور کر نیا سنگ میل عبور کرلیا۔

’ٹائیگر زندہ ہے‘ پہلی بولی وڈ فلم ہے، جس نے ابتدائی 3 دن میں اتنے زیادہ پیسے کمائے، جب کہ وہ دوسری بھارتی فلم ہے جس نے ابتدائی 3 دن میں سب سے زیادہ پیسے بٹورے، ہندوستان کی ’باہو بلی 2‘ وہ واحد فلم ہے جس نے ابتدائی 3 دن میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ سے زیادہ پیسے بٹورے تھے۔

خیال رہے کہ سلمان خان اور کترینہ کیف کی اس فلم کی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائد کردی گئی تھی، جس وجہ سے اسے یہاں نمائش کے لیے پیش نہیں کیا گیا۔

’ٹائیگر زندہ ہے‘ 2012 میں آنے والی فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کا سیکوئل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کو نمائش کے لیے پیش کردیا گیا

پہلی فلم کی کہانی پاکستان اور ہندوستان کی خفیہ ایجنسیوں کے 2 ایجنٹس کے خفیہ مشن کے گرد گھومتی ہے۔

تاہم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں بہت بڑی تبدیلی کرکے اسے حقیقی واقعے پر بنایا گیا ہے۔

فلم میں سلمان خان کو بھارتی خفیہ ایجنسی کے اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے عراق میں داعش کی جانب سے اغوا کی جانے والی 25 نرسز کو بازیاب کرانے کے خصوصی مشن پر بھیجا جاتا ہے، جہاں پاکستانی جاسوس بھی ایک مشن پر پہنچتا ہے۔

’ٹائیگر زندہ ہے‘ کو 22 دسمبر کو ریلیز کیا گیا، جس نے پہلے ہی دن 34 کروڑ بھارتی روپے سے زائد پیسے کمائے۔

بھارتی باکس آفس تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئیٹ کی کہ ’ٹائیگر زندہ ہے‘اب تک 3 دن میں 114 کروڑ روپے سے زائد پیسے بٹور چکی۔

’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے پہلے دن 34 کروڑ سے زائد، دوسرے دن 35 کروڑ روپے سے زائد جب کہ تیسرے دن 45 کروڑ روپے سے زائد پیسے بٹورے۔

مزید پڑھیں: ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے خلاف بھی بھارت میں مظاہروں کی دھمکی

مجموعی طور پر ’ٹائیگر زندہ ہے‘ سلمان خان کی 12 ویں فلم ہے، جو 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی، جب کہ ان کی یہ تیسری فلم ہے جو پہلے ہی 3 میں بھی 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی۔

اس سے قبل سلمان خان کی ’بجرنگی بھائی جان‘ اور’سلطان‘ ابتدائی 3 دن میں 100 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب گئی تھیں۔

’ٹائیگر زندہ ہے‘ جہاں 3 دن میں 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی، وہیں وہ نہ صرف اب تک سب سے زیادہ کمانے والی بولی وڈ فلم بھی بن گئی، بلکہ وہ کسی بھی بولی وڈ اداکار کی ابتدائی 3 دن میں سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلم بھی بن گئی۔