پاکستان

کراچی پولیس کی ویب سائٹ مبینہ بھارتی گروپ کے ہاتھوں ہیک

ہیکرز نے کراچی پولیس کی آفیشل ویب سائٹ میں بھارتی قومی ترانہ جاری کیا تاہم ویب سائٹ کو بحال کردیا گیا۔

کراچی پولیس کی آفیشل ویب سائٹ کو مبینہ طورپر بھارتی ہیکرز نے ہیک کرلی تاہم ویب سائٹ کو دوبارہ بحال کردیا گیا۔

'ملو سائبر سولجرز' کے نام سے خود کو متعارف کروانے والے گروپ نے ویب سائٹ پر نمایاں طور پر تحریر کیا تھا کہ ' D3VIL S3C"کی جانب سے ہیک کیا گیا'۔

ہیکرز کی جانب سے ویب سائٹ پر واضح الفاظ میں یہ بھی تحریر کیا گیا تھا کہ 'ہمیں انڈیا سے پیار ہے' جبکہ بھارت کا قومی ترانہ بھی چلایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ پاک-بھارت کشیدگی کے پیش نظر 1998 کے بعد سے ہیکرز کی جانب سے ایک دوسرے پر اس طرح کے حملے عام ہوتے جارہے ہیں۔

قبل ازیں رواں سال جون میں بھارت کے ہی ایک ہیکرز گروپ کی جانب سے پاکستان کی ایک بڑی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی آفیشل ویب سائٹ کو ہیک کیا گیا تھا۔

بھارتی ہیکرز کی جانب سے اس طرز کا حملہ پہلی مرتبہ نہیں ہے بلکہ گزشتہ برس بھی بھارتی ہیکرز نے دو مرتبہ لاہور ہائی کورٹ کی ویب سائٹ کو ہیک کیا تھا۔

پاکستانی ہیکرز کی جانب سے بھی اس طرح کے اقدامات کیے جاچکے ہیں جن میں بھارت کا نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) رائے پور کی ویب سائٹ کو ہیک کرنا سرفہرست ہے۔

ہیکرز نے پاکستان سے تعلق رکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بھارت کے سات سفارت خانوں کی ویب سائٹ کو ہیک کیا تھا۔

پاک فوج کے حق میں نعرے درج کرتے ہوئے ہیکرز نے بھارتی ہائی کمیشنز اور مختلف ملکوں میں قائم قونصل خانوں کی ویب سائٹ بھی ہیک کی گئی تھی۔